کراچی کامران چورنگی کے قریب گارڈ کی ڈاکوؤں پر فائرنگ، راہگیر باپ اور بیٹا زخمی

0 minutes, 0 seconds Read

کراچی کامران چورنگی کے قریب سیکیورٹی گارڈ کی ڈاکوؤں پر فائرنگ کے دوران راہگیر باپ اور بیٹا زد میں آ گئے۔ 16 سالہ زین اور 50 سالہ اصغر زخمی ہو گئے۔ دوسری طرف نیو کراچی میں پولیس مقابلے کے دوران 2 مطلوب ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔

کراچی میں گلستان جوہر کامران چورنگی کے قریب سیکیورٹی گارڈ نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کر دی ، دو راہ گیر باپ بیٹے فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہو گئے، جنھیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دوسری جانب نیو کراچی میں پولیس مقابلہ ہوا جس میں دو انتہائی مطلوب ڈاکو شدید زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے گلشن اقبال میں چودہ مئی کو ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان کامران کو قتل کیا تھا ، ملزمان کے قبضے سے چھینی ہوئی موٹرسائیکلیں اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔

ایک اور واقعے میں ریسکیو ذرائع کے مطابق ماڑی پور روڈ نالہ اسٹاپ کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان زخمی ہو گیا۔

کراچی میں دیگر واقعات میں شہر میں موٹر سائیکل لفٹنگ گینگ سر گرم ہو گیا۔ فیڈرل بی ایریا بلاک 20 میں موٹر سائیکل چھین لی گئی۔

واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ گئی، ملزمان موٹرسائیکل چھین کر فرار ہو گئے۔

Similar Posts