پنجاب کی تحصیل میانوالی کے علاقے رحمانی خیل موڑ کے قریب کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 خطرناک دہشت گرد ہلاک جبکہ 6 دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق میانوالی بڑی تباہی سے بچ گیا، رحمانی خیل موڑ کے قریب سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 3 خطرناک دہشت گرد مارے گئے جبکہ 6 دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی تاہم دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ کردی تاہم فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے رائفلیں، 3 دستی بم، گولیاں اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے جبکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی ٹیموں نے رحمانی خیل موڑ کے قریب ناکہ بندی کرلی جبکہ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، دہشت گرد پولیس چوکیوں پربڑے حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
بنوں میں پولیس چوکی پر شدت پسندوں کا حملہ، کانسٹیبل زخمی
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں فتح خیل پولیس چوکی پر شدت پسندوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کردیا، جس میں ایک کانسٹیبل زخمی ہوگیا جبکہ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ پسپہ کردیا۔
ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) بنوں سجاد خان کے مطابق ضلع بنوں میں منڈان فتح خیل پولیس چوکی پر درجنوں شدت پسندوں نے رات گئے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا جبکہ درجنوں شدت پسند فائرنگ کی آڑ میں پولیس چوکی پر قبضہ کی کوشش کر رہے تھے تاہم پولیس کی بروقت جوابی کارروائی نے دشمن کے عزائم ناکام بنا دیے۔
آر پی او بنوں کے مطابق، پولیس پہلے سے الرٹ تھی اور حملے کے فوری بعد بھرپور جوابی کارروائی کی گئی، بکتر بند گاڑیوں میں اضافی نفری کو فوری طور پر چوکی روانہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں حملہ پسپا کر دیا گیا، حملے کے دوران ایک پولیس کانسٹیبل زخمی ہوا جسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
آر پی او کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کو جوابی کارروائی میں نقصان اٹھانا پڑا جبکہ جائے وقوعہ پر نشانات موجود ہیں۔ پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جو اب بھی جاری ہے، سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پولیس پیش قدمی میں مکمل احتیاط سے کام لے رہی ہے۔