فرانس میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، 1 لاکھ 60 ہزار گھر متاثر

0 minutes, 3 seconds Read

جنوبی فرانس کے شہر کانز اور آس پاس کے علاقوں میں ہفتے کے روز اچانک بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن اُس وقت پیدا ہوا جب دنیا کے سب سے بڑے فلمی میلے کانز فلم فیسٹیول““ کی اختتامی تقریب اور “پالم ڈی آر ایوارڈ کی تیاری عروج پر تھی۔ فرانسیسی حکام کے مطابق یہ واقعہ ممکنہ طور پر آتشزدگی کا نتیجہ ہو سکتا ہے، اور اس کی باقاعدہ تحقیقات جاری ہیں۔

فرانسیسی نیشنل ژاندرمری کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کانز کے قریب ایک بجلی کے سب اسٹیشن میں آگ بھڑکنے سے گرڈ کمزور ہوا، جس کے بعد ایک اور مقام پر ہائی وولٹیج لائن گر گئی۔ اس واقعے کے نتیجے میں تقریباً ایک لاکھ ساٹھ ہزار گھروں کی بجلی منقطع ہو گئی، جبکہ کانز اور قریبی شہر آنٹیب میں ٹریفک لائٹس بند ہو گئیں، جس کے باعث شہر میں ٹریفک جام اور افراتفری کی کیفیت پیدا ہو گئی۔

علاقائی انتظامیہ کے سربراہ لوراں ہوتیو نے اس تخریب کاری کو ”بجلی کے ڈھانچے پر سنگین حملہ“ قرار دیا اور کہا کہ مجرموں کی تلاش کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مجرموں کو گرفتار کر کے عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

بجلی کی بحالی مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے ممکن ہو سکی، جب ساحلی اسپیکرز سے دوبارہ موسیقی گونجنے لگی اور مقامی لوگوں نے خوشی سے تالیاں بجا کر اس کا خیر مقدم کیا۔

فیسٹیول منتظمین کے مطابق بجلی کے بحران سے ہفتے کے دن کی ابتدائی سرگرمیاں متاثر ہوئیں، تاہم ”پالے دی فیسٹیول“ کو فوری طور پر متبادل بجلی کے نظام پر منتقل کر دیا گیا، اور اسٹیٹمنٹ میں واضح کیا گیا کہ تمام طے شدہ تقریبات اور اسکریننگز معمول کے مطابق ہوں گی۔

کانز کے مشہور ساحلی راستے ”لا کروزیٹ“ پر واقع زیادہ تر دکانیں بند رہیں اور خوراک کے کیوسک صرف نقد ادائیگی قبول کرتے رہے۔ ٹرین سروس بھی متاثر ہوئی جبکہ سی نیئم جیسے سیٹلائٹ سنیما ہالز میں فلموں کی نمائش وقتی طور پر معطل رہی۔

ہفتے کی شب فیسٹیول کا سب سے بڑا اعزاز ”پالم ڈی آر“ ایوارڈ دیا جانا تھا، جس کے لیے ایرانی ہدایتکار جعفر پناہی کی انتقامی کہانی ”It Was Just an Accident“، جوئکیم تریئر کا فیملی ڈرامہ ”Sentimental Value“، کلیبر مینڈوسا فیلہو کی سیاسی تھرلر ”The Secret Agent“، اور اولیور لاکس کی صحرائی روڈ ٹرپ فلم ”Sirât“ جیسے فلمیں مضبوط امیدوار تھیں۔

Similar Posts