وزیراعظم شہبازشریف کی ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات

0 minutes, 0 seconds Read

وزیراعظم شہباز شریف کی وفد کے ہمراہ ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات ہوگئی، ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔

ترک میڈیا کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی ترک صدارتی محل آمد پر ترکیہ کے صدر طیب اردوان نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا استقبال کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر سے ملاقات کی،ملاقات میں پاک ترک تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی، پاکستان کے وفد میں فیلڈ مارشل چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر شامل تھے جبکہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطاتارڑ اور معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی بھی وفد میں شامل تھے۔

ذرائع کے ملاقات میں ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیے جانے کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان قائم اعلیٰ سطحی سٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے دائرہ کار میں تعاون کے حوالے سے بھی گفتگو ہوگی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات کو پریس کوریج کی اجازت نہیں دی گئی، ترک صدر اردوان وزیر اعظم شہباز شریف اور پاکستانی وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے۔

واضح رہے کہ بھارتی کشیدگی کے دوران حمایت پر اظہار تشکر کے لیے وزیر اعظم شہبازشریف 4 ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں ترکیہ کے 2 روزہ دورے پر استنبول پہنچے، جہاں ہوائی اڈے پہنچنے پر ترک وزیر دفاع یشار گلر، گورنراستنبول، پاکستان ترکیہ کلچرل ایسوسی ایشن کے صدر برہان قایاترک، پاکستانی سفیر یوسف جنید، کونسل جنرل استنبول نعمان اسلم، حکومت ترکیہ کے اعلی حکام اور ترکیہ میں تعینات پاکستانی سفارتکاروں نے وزیراعظم اور وفد کا استقبال کیا۔

وزیر اعظم کے دورے کا مقصد ترکیہ کے عوام اور بالخصوص صدر ایردوان کا شکریہ ادا کرنا ہے، ترکیہ نے ہمیشہ کی طرح حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں بھی پاکستان کی اصولی مؤقف کی بھر پور حمایت کی۔

وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف 25 سے 30 مئی 2025 تک ترکی، ایران، آذربائیجان اور تاجکستان کا دورہ کریں گے، شہباز شریف وزیر اعظم ان ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت کے معاملات پر وسیع پیمانے پر بات چیت کریں گے۔

بھارت کے ساتھ حالیہ بحران کے دوران دوست ممالک کی جانب سے پاکستان کو دی گئی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کریں گے۔

یاد رہے وزیراعظم شہباز شریف 29 اور 30 مئی 2025 کو تاجکستان کے شہر دوشنبے میں گلیشیئرز پر بین الاقوامی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔

Similar Posts