پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا سوچ رہے ہیں، اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کسی بھی وقت آسکتی ہے۔
آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات میں آئندہ کے لائحہ عمل پر گفتگو ہوئی، کچھ قوتوں نے کوشش کی تھی کہ بدگمانی پیدا کی جائے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مودی کا منصوبہ ناکام ہوا ہے، مودی پھر کوئی حماقت کرسکتا ہے، اس لیے ملک میں یکجہتی کی ضرورت ہے۔
تحریک عدم اعتماد کے حوالے پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ہم اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کا سوچ رہے ہیں، اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کسی بھی وقت آسکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسپیکر ہمارے لوگوں کی تقاریر حزف کردیتے ہیں جبکہ اسمبلی کے احاطے سے 8 لوگوں کو اغوا کیا گیا، اس پر بھی کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ پی ٹی آئی وزیراعظم شہباز شریف اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کا سوچ رہی ہے، تاہم بعد میں اس کی تردید کردی گئی تھی۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ تحریک انصاف کسی کے خلاف عدم اعتماد کا نہیں سوچ رہی۔