کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر لاہور قلندرز پی ایس ایل 10 کا چیمپئن بن گیا

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10 ویں ایڈیشن کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر لاہور قلندرز تیسری بار چیمپئن بن گئی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 10 کے فائنل میں آپریشن بنیان مرصوص میں پاک بحریہ کی پاکستانی پانیوں کی حفاظت اور سمندری دفاع میں اپنی برتری ثابت کرنے پر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

معروف گلوکاروں نے ملی نغموں سے شائقین کا لہو گرمایا، گلوکار ابراراحمد نے اپنے مشہور گیتوں سے شائقین سے خوب داد وصول کی جب کہ گلوکار رضوان مرزا، حسین علی پراچا اور ندیم عباس لونے والا نے ملی نغمہ گاکر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پی ایس ایل 10 کے آخری معرکے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے حسن نواز اور فہیم اشرف کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔

لاہور قلندرز نے محمد نعیم، کوشال پریرا کی جارحانہ اننگز کی بدولت 202 رنز کا مطلوبہ ہدف ایک گیند قبل 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سعود شکیل اور فن ایلن نے اننگز کا آغاز کیا تاہم اوپننگ جوڑی اچھا آغاز فراہم نہ کرسکی، 17 کے مجموعی اسکور پر سعود شکیل صرف 4 رنز بناکر شاہین آفریدی کا شکار بنے، پھر سلمان مرزا نے 12 کے انفرادی اسکور پر فن ایلن کو پویلین کی راہ دکھائی۔

58 کے مجموعی اسکور پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی تیسری وکٹ بھی گرگئی، رائیلی روسو بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹہر سکے وہ 22 رنز بناکر سکندر رضا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چوتھا نقصان 125 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا، اویشکا فرنانڈو کو 29 رنز پر شاہین شاہ آفریدی نے پویلین کی راہ دکھائی۔

اس دوران حسن نواز نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 27 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی اور پھر 18ویں اوور میں 172 کے مجموعی اسکور پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر حسن نواز آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 43 گیندوں پر 4 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے اور نمایاں بلے باز رہے۔

نئے آنے والے بیٹسمین محمد عامر اور ابرار احمد بغیر کوئی رن بنائے 177 پر پویلین روانہ ہوئے، دونوں کو حارث رؤف نے اپنا شکار بنایا۔

اس کے علاوہ دنیش چندیمل نے 13 گیندوں پر 22 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ فہیم اشرف نے آخری اوور میں میچ کا پانسہ ہی پلٹ دیا، انہوں نے سلمان مرزا کو آخری اوور میں 3 چھکے اور ایک چوکا لگاکر 23 رنز بٹورے، وہ 8 گیندوں پر 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3، سلمان مرزا اور حارث رؤف نے 2،2 جبکہ سکندر رضا اور رشاد حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

لاہور قلندرز کی اننگز

202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی جانب سے فخرزمان اور محمد نعیم نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا تاہم فخر زمان صرف 11 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

البتہ محمد نعیم نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا وہ 27 گیندوں پر 47 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس میں 6 چھکے اور صرف ایک چوکا شامل تھا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے عبداللہ شفیق نے بھی 28 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 4 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا جبکہ راجا پکسے صرف 14 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

کوشال پریرا 31 گیندوں پر 62 رنز بناکر ناقابل شکست رہے ، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے جبکہ سکندر رضا نے 7 گیندوں پر 22 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

میچ کا ٹاس

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان سپرلیگ سیزن 10 کا فائنل کھیلا جارہا ہے جس کا ٹاس کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل نے جیت پر پہلے خود بلے بازی کرنے فیصلہ کیا۔

ٹاس جیتنے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل کا کہنا تھا کہ فائنل سے پہلے ہمیں تھوڑا آرام کا موقع ملا گیا جس سے ہم مزید تازہ دم ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم لاہور قلندرز کی بہترین باؤلنگ لائن اپ کے خلاف بہترین اسکور کرنا چاہتے ہیں اور انہیں بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے جب کہ میرا اپنے تمام کھلاڑیوں کا یہی پیغام ہے کہ یہ صرف ایک میچ ہے، فائنل کا کوئی پریشر نہیں لینا۔

ٹیم میں تبدیلی سے متعلق سعود شکیل کا کہنا تھا کہ محمد وسیم کچھ بہتر محسوس نہیں کررہے تھے لہذا ان کی جگہ خرم شہزاد کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم مسلسل اچھی کرکٹ کھیلتے آرہے ہیں اور آج بھی ہماری کوشش یہی ہوگی کہ اپنا بہترین کھیل پیش کریں جبکہ ہم کھلاڑی کو ٹیم میں اپنا کردار معلوم ہے کہ انہیں کیا کرنا ہے۔

ٹیم میں تبدیلی سے متعلق شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ سکندر رضا کی واپسی ہوئی ہے، انہیں شکیب الحسن کی جگہ پلینگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا اسکواڈ

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں سعود شکیل (کپتان)، فن الین، رلی روسو، حسن نواز، فرنانڈو، دنیش چندیمال، فہیم اشرف، محمد وسیم، محمد عامر، عثمان طارق اور ابرار احمد شامل ہیں۔

لاہور قلندرز کا اسکواڈ

لاہور قلندرز کی ٹیم میں فخر زمان، محمد نعیم، عبداللہ شفیق، پریرا، راجہ پاکسا، آصف علی، شاہین آفریدی (کپتان)، شکیب الحسن، راشد حسین، حارث رؤف ، سلمان مرزا، جہاں داد خان، زمان خان، محمد اخلاق، ڈیرل مچل، محمد آزاب، آصف آفریدی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔

اسی طرح پاکستان سپرلیگ 10 کے دوسرے کوالیفائر میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 95 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔

پی ایس ایل 10 میں دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والا پہلا میچ قلندرز نے 79 رنز سے جیتا لیکن دوسرا میچ بارش کی نذر ہو گیا۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان 19 میچز کھیلے جاچکے ہیں اور دونوں ٹیمیں 9، 9 بار فاتح رہیں جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا۔

فخر زمان 442 رنز بناکر قلندرز کے کامیاب ترین بیٹر ہیں جبکہ کوئٹہ کے سابق کپتان اور موجودہ ٹیم ڈائریکٹر سرفراز احمد نے لاہور قلندرز کے خلاف 357 رنز بنائے۔

قلندرز نے دو مرتبہ ٹائٹل جیتا ہے جبکہ کوئٹہ نے ایک بار ٹرافی اٹھائی ہے۔

Similar Posts