اسلام آباد: ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن سخت، بھاری جرمانے اور گاڑیاں تھانے منتقل ہوں گی

0 minutes, 0 seconds Read

وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے سخت حکمت عملی اپنا لی ہے۔ سی ٹی او کیپٹن ریٹائرڈ ذیشان حیدر کے مطابق اب سنگین خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے اور گاڑی یا سواری کو تھانے منتقل کیا جائے گا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق بغیر پرمٹ، بغیر لائسنس اور کم عمر ڈرائیورز کے خلاف فوری بھاری چالان کیا جائے گا اور ان کی گاڑیاں تھانے منتقل کر دی جائیں گی۔ اسی طرح لین وائلیشن، ون ویلنگ اور اوور لوڈنگ جیسے خطرناک اقدامات پر بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور بھاری جرمانے کیے جائیں گے۔

سی ٹی او اسلام آباد نے واضح کیا کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس کسی کو بھی وفاقی دارالحکومت میں گاڑی چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بلا تفریق فوری کارروائی کی جائے گی تاکہ شہریوں کی جان و مال کو محفوظ رکھا جا سکے۔

سی ٹی او کیپٹن ریٹائرڈ ذیشان حیدر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور اپنی زندگی کو محفوظ بنائیں۔

Similar Posts