وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اپنے 4 ملکی دورے کے اگلے مرحلے میں 2 روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کا دورہ مکمل کرنے کے بعد اپنے 2 روزہ دورے کے لیے ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے، جہاں ایئرپورٹ پر ایرانی وزیرداخلہ، پاکستانی سفیر اور دیگر نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
وزیرِاعظم کو ایرانی فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی بھی پیش کی جبکہ شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔
وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور طارق فاطمی شامل ہے۔
سفارتی محاذ پر سرگرمیاں تیز : وزیراعظم آئندہ ہفتے مختلف ممالک کا دورہ کریں گے
وزیرِاعظم اور پاکستانی وفد کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور ان کے وفد کے ساتھ ملاقات ہوگی، دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کا عزم بھی ظاہر کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے پاک بھارت کشیدگی پر پاکستان کی حمایت پر ایرانی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم وفد کے ہمراہ ایرانی سپریم لیڈرآیت اللہ سید علی خامنہ ای کے ساتھ ملاقات کریں گے، وزیراعظم اور ان کے وفد کو ایرانی صدر عشائیہ بھی دیں گے۔
وزیراعظم کی وفد کے ہمراہ ترک صدر سے ملاقات، اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید بلندیوں تک پہنچانے کا عزم
قبل ازیں ترک وزیر دفاع یشار گیولر، ڈپٹی گورنر استنبول الکر حاقتان کچمز، پاکستان ترکیہ کلچرل ایسوسی ایشن کے صدر برہان قایاترک اور پاکستان کے ترکیہ میں سفیر یوسف جنید اور دیگر نے استنبول کے ہوائی اڈے پر وزیراعظم کو رخصت کیا۔
وزیر اعظم نے پاک بھارت حالیہ کشیدگی میں بھرپور تعاون اور حمایت پر ترکیہ کے عوام اور بالخصوص صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف 25 سے 30 مئی 2025 تک ترکی، ایران، آذربائیجان اور تاجکستان کا دورہ کررہے ہیں، وزیر اعظم ان ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت کے معاملات پر وسیع پیمانے پر بات چیت کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 25 مئی کو وفد کے ہمراہ ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی ، جس میں دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا، اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید بلندیوں تک پہنچانے کا عزم اور جموں و کشمیر تنازع پر اصولی حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے بھارت کے ساتھ حالیہ بحران کے دوران دوست ممالک کی جانب سے پاکستان کو دی گئی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے وزیراعظم شہباز شریف 29 اور 30 مئی 2025 کو تاجکستان کے شہر دوشنبے میں گلیشیئرز پر بین الاقوامی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔