پاکستان سپر لیگ پی ایس ایل 10 کے فائنل میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کیا اور ساتھ ہی فائنل جیت کر کروڑوں روپے کی انعامی رقم بھی حاصل کرلی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے اور لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 202 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے 19 ویں اوور کی پانچویں گیند پر 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا اور تیسری بار ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوگئی۔
لاہور قلندرز کے کشال پریرا نے ناقابل شکست 62 رنز کے ساتھ ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور مین آف دی میچ قرار پائے جبکہ سکندر رضا 7 گیندوں پر 22 انتہائی اہم رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
ٹائٹل جیتنے کے ساتھ ہی لاہور قلندرز نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کی انعامی رقم 5 لاکھ امریکی ڈالر (تقریباً 14 کروڑ روپے سے زائد) بھی حاصل کرلی جبکہ رنز اپ ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے حصے میں 2 لاکھ امریکی ڈالر ( 5 کروڑ 60 لاکھ روپے سے زائد) آئے۔
وزیر اعظم نے پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن کے فائنل میچ میں شاندار کھیل پیش کرنے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندر کو سراہا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ لاہور قلندرز نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہدف کامیابی کے ساتھ حاصل کیا، پی ایس ایل 10 میں شامل تمام ٹیموں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کے کامیاب انعقاد پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور پی سی بی کی انتظامیہ کو بھی مبارکباد دی۔
وزیر اعظم نے تمام کھلاڑیوں بالخصوص غیر ملکی کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کیا جن کی شرکت سے اس کامیاب ایونٹ کا انعقاد ہوا۔