لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر زمیندار کی غیرقانونی حراست سے 6 افراد بازیاب

0 minutes, 0 seconds Read

لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر منڈی بہاؤالدین کے رہائشی محمد قاسم کی درخواست پر چھ افراد کو ایک مقامی زمیندار کی غیرقانونی حراست سے بازیاب کرا لیا گیا۔ عدالت نے تمام بازیاب ہونے والے افراد کو فوری طور پر گھر جانے کی اجازت دے دی۔

جسٹس طارق محمود باجوہ نے کیس کی سماعت کی اور افراد کی بازیابی کے لیے تنویر حسین کو بیلف مقرر کیا۔ بیلف نے مقامی پولیس کی مدد سے پھالیہ کے گاؤں جوکالیاں میں زمیندار محمد اکرم کے ڈیرے پر چھاپہ مارا اور وہاں سے تمام مغوی افراد کو بازیاب کرایا۔

عدالت میں جمع کروائی گئی بیلف کی رپورٹ کے مطابق مغوی محمد سلیم کو زنجیروں سے جکڑ کر رکھا گیا تھا، جبکہ اس کی اہلیہ اور بچوں کو ایک کمرے میں بند کر کے باہر سے تالہ لگایا گیا تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ زمیندار محمد اکرم نے پورے خاندان کو غیرقانونی طور پر قید کر رکھا تھا۔

عدالت نے تھانہ متعلقہ ایس ایچ او کو حکم دیا کہ مدعی کی درخواست کی روشنی میں مکمل چھان بین کرے اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

Similar Posts