خیبرپختونخوا پولیس نے مالی سال 26-2025 کے لیے صوبائی حکومت سے تین گنا زائد بجٹ کا مطالبہ کر دیا۔ پولیس نے نئے بجٹ میں 20 ارب روپے کی ڈیمانڈ پیش کی ہے، جس میں جدید ہتھیار، تھرمل گنز، بکتربند گاڑیاں، آئی ٹی ساز و سامان اور ضم اضلاع میں پولیس انفراسٹرکچر کی بہتری شامل ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کی نسبت نئے بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے خطیر رقم مانگی گئی ہے۔ بندوبستی اضلاع کے لیے 14.5 ارب روپے جبکہ ضم شدہ اضلاع کے لیے 3 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
آئی جی خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ موجودہ سیکیورٹی چیلنجز اور درپیش خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے ماضی کی نسبت تین گنا زیادہ بجٹ کی ڈیمانڈ کی گئی ہے تاکہ پولیس فورس کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔
بجٹ 2025-26: قبائلی اضلاع میں تیار شدہ اشیاء پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ
بجٹ تجاویز میں پولیس تھانوں، چیک پوسٹوں اور دیگر عمارتوں کی مرمت و تعمیر، جنوبی اضلاع میں سیف سٹی پراجیکٹ کا آغاز، اور زیر التوا ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل بھی شامل ہے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ بجٹ ترجیحات میں جدید اسلحہ، اے پی سی گاڑیاں اور تھرمل گنز شامل ہیں، جبکہ ناکافی وسائل کی وجہ سے تاخیر کا شکار منصوبے اس بار ’ون ٹائم‘ بنیاد پر مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔