سٹی کورٹ میں عید قربان کے موقع پر پولیس کے مبینہ غیر قانونی اقدام نے شہریوں کو حیرت میں ڈال دیا۔ مومن آباد کی رہائشی مسمات بسمہ نے عدالت میں درخواست دائر کی ہے، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ایس ایچ او انور معراج کی سربراہی میں پولیس اہلکار ان کے گھر بغیر وارنٹ کے داخل ہوئے اور 10 سے زائد بکرے، سونا، نقدی اور دیگر سامان لوٹ کر لے گئے۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ اہلخانہ کو ڈرا دھمکا کر پولیس نے قربانی کے لئے گھر میں موجود بکرے بھی نہیں چھوڑے۔ عدالت نے پولیس کے اس رویئے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے افسوسناک قرار دیا اور ریمارکس دیے کہ ’یہ عمل قانون سے انحراف اور شہریوں کی عزت پامال کرتا ہے۔‘
عدالت نے ڈی آئی جی ویسٹ کو حکم دیا کہ وہ ایس ایس پی رینک کے افسر سے انکوائری کرائیں اور یہ وضاحت پیش کریں کہ پولیس قانونی طور پر گھر میں داخل ہوئی یا نہیں، کیا نقصان ہوا اور بکرے کہاں گئے؟ عدالت نے ہدایت دی کہ عیدالاضحیٰ سے قبل انکوائری مکمل کی جائے اور رپورٹ 6 جون کو عدالت میں جمع کرائی جائے۔