سخت گرمی کے بعد خیبرپختونخوا میں بارش اور ژالہ باری۔ پشاور کے علاقے متنی میں ہوٹل کی چھت گر گئی، تین افراد زخمی ہو گئے۔ مختلف اضلاع میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا، آئندہ چوبیس گھنٹوں میں پنجاب اور کے پی میں مزید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ، پشین، قلعہ سیف اللہ، لورالائی میں بھی آندھی اور مٹی کا طوفان آیا۔
ملک کے بیشترمیں شہروں میں شدید گرمی کے بعد بارشوں اور ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے، تاہم بعض علاقوں میں آندھی، طوفان اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔
کے پی میں بارشیں اور ژالہ باری
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول پشاور، سوات، مانسہرہ، شانگلہ، باڑہ، لنڈی کوتل، بالاکوٹ اور وادیٔ کاغان میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
پشاور کے علاقے متنی میں ہوٹل کی چھت گرنے سے تین افراد زخمی ہو گئے۔ سوات کے علاقوں مینگورہ، مالم جبہ اور کالام میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش جبکہ شانگلہ کے الپوری اور گردونواح میں شدید ژالہ باری ریکارڈ کی گئی۔
ہری پورکی تینوں تحصیلوں میں تیز آندھی اور طوفان ہلکی بارش ، تیزی اندھی سے درخت اوربجلی کے کھمبے اکھڑ گئے۔
ایبٹ آباد اور گردونواح میں طوفانی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم ندی نالوں میں طغیانی سے مانسہرہ روڈ پر ٹریفک جام ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔
مری میں طوفانی بارش
ملکہ کوہسار مری میں بھی طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جہاں کالی گھٹاؤں نے دن کو رات میں بدل دیا ہے۔ شدید بارش سے موسم سرد ہو گیا ہے جبکہ بجلی کا نظام متاثر ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مری اور گردونواح میں یکم جون تک بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد میں درخت گر گئے
اسلام آباد میں تیز جھکڑ کے باعث درخت گر گئے، نیشنل پریس کلب میں ایک بڑا بل بورڈ آ گرا۔ جس کے بعد ڈی سی اسلام آباد نے تمام بڑے بل بورڈز فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت جاری کر دی۔
اسسٹنٹ کمشنرز کو نشیبی علاقوں پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ممکنہ طوفانی بارشوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں۔
بلوچستان میں بھی آندھی اور مٹی کے طوفان
بلوچستان کے علاقوں قلعہ عبداللہ، پشین، قلعہ سیف اللہ اور لورالائی میں بھی آندھی اور مٹی کے طوفان نے نظام زندگی متاثر کیا۔
شاہراہِ قراقرم پر طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ
ادھر کوہستان کے علاقے لوئر کوہستان میں شاہراہِ قراقرم پر طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مختلف مقامات پر بند ہو گئی ہے۔
کھیدر نالہ، نالہ جیجال بازار اور آبشار نالہ کے مقامات پر شدید مٹی کے تودے گرنے سے سڑک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔
ڈی پی او کوہستان نے تمام تھانوں اور چوکیوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے، اور سیاحوں و مسافروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔