راولپنڈی کے تمام تعلیمی اداروں میں 28 مئی سے 14 اگست تک گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا جبکہ کمشنر راولپنڈی کی طرف سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
کمشنر راولپنڈی نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی طرف سےاسکولز میں چھٹیوں کے حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا کی ہدایت کردی۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راولپنڈی کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب حکومت کے حکم کے مطابق ضلع بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے 28 مئی 2025 سے 14 اگست 2025 تک گرمیوں کی تعطیلات کے سلسلے میں بند رہیں گے۔
نوٹیفکیشن میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ تعطیلات کے دوران کسی بھی اسکول میں امتحانات یا سمر کیمپ کا انعقاد ممنوع ہوگا اور تدریسی عملے کو چھٹی پر رکھا جائے گا جبکہ صرف انتظامی امور کے لیے محدود اسٹاف کو اسکول آنے کی اجازت ہوگی۔
سندھ کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان
پنجاب کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیوں کا اعلان
نوٹیفکیشن کے مطابق کوئی بھی نجی اسکول 3 ماہ کی ایڈوانس فیس وصول نہیں کرے گا، صرف ماہانہ بنیاد پر فیس لی جا سکے گی جیسا کہ محکمہ تعلیم پنجاب کی پالیسی میں درج ہے۔
کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ تمام اسکولوں کو سختی سے اس فیصلے پر عملدرآمد کی ہدایت دی گئی ہے، بصورتِ دیگر خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ چھٹیوں کے بعد اسکول 15 اگست 2025 بروز جمعے سے دوبارہ کھلیں گے، گرمی کی شدت اور طلبہ کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ بچوں کو کسی بھی قسم کی جسمانی یا ذہنی دباؤ سے بچایا جا سکے۔
کمشنر راولپنڈی نے کہا تمام اسکول مالکان اور انتظامیہ تعاون کریں تاکہ ایک محفوظ اور منظم تعلیمی ماحول یقینی بنایا جا سکے۔