پی ٹی آئی کے احتجاجی اعلان پر جے یو آئی کا مؤقف واضح، اپوزیشن اتحاد کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ

0 minutes, 0 seconds Read

سینیٹرحافظ حمداللہ نے کہا کہ ہماری پارٹی کی جنرل کاؤنسل میں فیصلہ یہی ہوا کہ ہم جمعیت علمائے اسلام کے پلیٹ فارم سے اپنی تحریک کو جاری رکھیں گے فی الحال ہم حکومتی اتحاد کا حصہ بنیں گے نا ہم اپوزیشن کے اتحاد کا حصہ بنیں گے۔ اختیار ولی خان نے کہا کہ ڈائیلاگ سے جو راستہ نکلتا ہے وہ کہیں اور سے نہیں نکل سکتا، وزیراعظم نے بھی پی ٹی آئی کو ڈائیلاگ کی آفر کی۔ ڈاکٹر ہمایوں مہمند نے کہا کہ اگر عدالتی فیصلے غیر منصفانہ ہوں اور انتخابی عمل جانبدار ہو تو احتجاج کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچتا۔ احمد کنڈی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا احتجاج خیبر پختونخوا اسمبلی کے سامنے پرامن تھا۔

حافظ حمداللہ، رہنما جے یو آئی ف

آج نیوز کے پروگرام ”اسپاٹ لائٹ“ میں میزبان منیزے جہانگیر کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما سینیٹر حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری احتجاجی تحریک میں جے یو آئی شریک نہیں ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی احتجاجی حکمت عملی اپنی جگہ، مگر جے یو آئی نے اپنی جنرل کونسل کے اجلاس میں واضح فیصلہ کیا تھا کہ نہ حکومتی اتحاد کا حصہ بنیں گے اور نہ ہی اپوزیشن کے کسی اتحاد کا۔

حافظ حمد اللہ نے آج نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی خواہش تھی کہ اپوزیشن جماعتیں مل کر حکومت کے خلاف مشترکہ احتجاج کریں، تاہم مولانا فضل الرحمٰن نے اس معاملے کو پارٹی کی جنرل کونسل کے سپرد کیا، جس میں یہ طے پایا کہ جے یو آئی اپنے پلیٹ فارم سے سیاسی حکمت عملی جاری رکھے گی۔

رہنما جے یو آئی ف نے کہا کہ اگر مستقبل میں کوئی ایسا مسئلہ سامنے آتا ہے جس پر اپوزیشن جماعتوں کے درمیان اتفاق ممکن ہو تو اس پر دوبارہ بیٹھا جا سکتا ہے، لیکن فی الحال جے یو آئی کسی اپوزیشن اتحاد کا حصہ نہیں بنے گی۔

اختیار ولی خان، رہنما مسلم لیگ ن

مسلم لیگ ن کے رہنما اختیار ولی خان نے تحریک انصاف کے احتجاج پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر پی ٹی آئی رہنما خود کو بے گناہ سمجھتے ہیں تو عدالتوں سے رجوع کریں، سیاسی دباؤ یا دھونس دھمکی سے نتائج نہیں نکلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس طرح کی تحریکوں کی عادت ہے، 2014 کے دھرنے میں بھی یہ سب دیکھ چکے ہیں۔ اب اگر ان کے اپنے وزیراعلیٰ علی امین ریڈ زون کو ”ریڈ زون“ قرار دیتے ہیں، تو انہیں یاد دلایا جائے کہ ماضی میں وہ خود ریڈ زون میں کیا کچھ کرتے رہے۔

اختیار ولی خان نے کہا کہ پی ٹی آئی جھوٹ پر جھوٹ بول رہی ہے اور الزام تراشی کی سیاست کر رہی ہے۔ نوشہرہ اور کوہستان میں اربوں روپے کی کرپشن کے ثبوت موجود ہیں، جن پر کے پی حکومت خاموش ہے۔

احمد کنڈی، رہنما پاکستان پیپلز پارٹی

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما احمد کنڈی نے خیبرپختونخوا میں پارٹی کے احتجاج کے حوالے سے وضاحت دی کہ پی پی پی نے اپنا احتجاج بہت پہلے اناؤنس کر رکھا تھا، جسے خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے پرامن طور پر منعقد کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد کرپشن کے خلاف آواز بلند کرنا تھا، خاص طور پر کوہستان پراجیکٹ سمیت دیگر معاملات پر۔ مگر بدقسمتی سے اس دوران ہمارا کنٹینر نشانہ بنایا گیا اور ہمارے قائدین زخمی ہوئے۔

آج نیوز کے پروگرام ”اسپاٹ لائٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے احمد کنڈی نے کہا کہ ایس ایس پی کے مطابق ریڈ زون میں کچھ نقاب پوش افراد داخل ہوئے، لیکن وہ پیپلز پارٹی کے کارکن نہیں تھے۔

ڈاکٹر ہمایوں مہمند، رہنما پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر ڈاکٹر ہمایوں مہمند نے کہا کہ احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے، اور دنیا بھر میں پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا مؤقف عوامی ہے اور وہ عوام کے سامنے ہی لے کر جائیں گے۔

انہوں نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر عدالتی فیصلے غیر منصفانہ ہوں اور انتخابی عمل جانبدار ہو تو احتجاج کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچتا۔ ریڈ زون پر پابندی لگانا جمہوریت کے منافی ہے۔

Similar Posts