بنگلادیش کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے پاکستان کے اسکواڈ میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔
فاسٹ بولر وسیم جونیئر انجری کے باعث اسکواڈ سے باہر ہوگئے ہیں، ان کی جگہ فاسٹ بولر عباس آفریدی کو اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے فائنل سے قبل محمد وسیم انجرڈ ہوگئے تھے جس کے باعث وہ پی ایس ایل 10 کا فائنل بھی نہیں کھیل سکے تھے اور ان کی جگہ خرم شہزاد کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔
محمد وسیم کو پی ایس ایل میں بہترین کارکردگی کی بنیاد پر قومی ٹیم میں جگہ دی گئی تھی تاہم وہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز شروع ہونے سے قبل ہی ان فٹ ہوگئے۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق محمد وسیم پی ایس ایل کے دوران سائیڈ اسٹرین انجری کا شکار ہوئے تھے۔
محمد وسیم کی جگہ پاکستان سپر لیگ میں بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے والے عباس آفریدی کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے.
عباس آفریدی پی ایس ایل میں شاہین آفریدی کی 19 وکٹوں کے بعد سب سے زیادہ 17 وکٹیں حاصل کی تھیں، اس کے علاوہ ابرار احمد، حسن علی، فہیم اشرف اور حارث رؤف نے بھی ٹورنامنٹ میں 17، 17 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
اس کے علاوہ عباس آفریدی 20 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں جن میں انہوں نے 33 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
واضح رہےکہ بنگلا دیش اورپاکستان کےدرمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچزکی سیریزکھیلی جائےگی جن میں سے پہلا ٹی ٹوئنٹی کل 28 مئی کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائےگا۔
بنگلادیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا کریں گے۔
اسکواڈ کے دیگر کھلاڑیوں میں شاداب خان (نائب کپتان)، ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، حسن نواز، حسین طلعت، محمد عرفان خان، خوشدل شاہ، محمد حارث (وکٹ کیپر)، عباس آفریدی، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر) اور صائم ایوب شامل ہیں۔