اسلام آباد میں پولیس پر فائرنگ، اے ایس آئی سدھیر احمد عباسی شہید، ساتھی زخمی

0 minutes, 0 seconds Read

وفاقی دارالحکومت ایک بار پھر ڈاکوؤں کے ہاتھوں لہو رنگ ہوگیا۔ فیض آباد میٹرو اسٹیشن کے قریب ملزمان کی فائرنگ سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) سدھیر احمد عباسی شہید جبکہ کانسٹیبل جعفر جہانگیر شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد اسلام آباد پولیس نے ضلع بھر میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب سی آئی اے اسلام آباد کی ٹیم خطرناک ملزمان کا تعاقب کر رہی تھی۔ اسی دوران ملزمان نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں اے ایس آئی سدھیر احمد عباسی موقع پر ہی جامِ شہادت نوش کر گئے، جبکہ ان کا ساتھی زخمی ہو کر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

کراچی میں ٹریفک پولیس چوکی پر فائرنگ سے پولیس اہلکارشہید

پولیس حکام نے کہا ہے کہ حملہ آوروں کی شناخت کر لی گئی ہے اور انہیں جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ مختلف علاقوں میں کومبنگ آپریشن جاری ہے، اور عوام سے بھی تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔

شہید اے ایس آئی سدھیر احمد عباسی کی نماز جنازہ پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں ڈی سی اسلام آباد، اعلیٰ پولیس افسران، ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں اور پولیس جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہید کو پولیس اعزاز کے ساتھ سلامی دی گئی، جس کے بعد ان کی میت آبائی گاؤں ٹھلہ ایبٹ آباد روانہ کر دی گئی جہاں سپرد خاک کیا جائے گا۔

پنجاب کے 12 اضلاع کی پولیس کا کروڑوں روپے مالیت کا اسلحہ و بارود غائب

پوری پولیس فورس نے اپنے شہید افسر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اُن کے قاتلوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، اور انہیں جلد از جلد قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا۔

Similar Posts