بھارت کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا، اللہ کے شکر گزار ہیں، عطا تارڑ

0 minutes, 0 seconds Read

وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت کی حالیہ جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیا اور پوری قوم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہے کہ پاکستان ایک بار پھر سرخرو ہوا۔ انہوں نے یہ بات آذربائیجان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جہاں یومِ جمہوریہ کے ساتھ ساتھ پاکستان کا یومِ تکبیر بھی جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں اس وقت جشن کا سماں ہے، پاکستان کی فتح کو یہاں خوشی کے طور پر منایا جا رہا ہے اور لوگوں کے دلوں میں پاکستان کے لیے خاص جذبہ موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ اور آذربائیجان کے ساتھ ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے دور میں پاکستان کے بیرونی تعلقات میں واضح بہتری آئی ہے اور دنیا میں پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے۔ عطا تارڑ نے کہا کہ آذربائیجان میں موجود پاکستانی کمیونٹی اور مقامی عوام نے یومِ تکبیر کو جس انداز سے منایا ہے، وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی دفاعی کامیابیاں نہ صرف ملک میں بلکہ بیرونِ ملک بھی باعثِ فخر سمجھی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شکست خوردہ بھارت اس وقت طرح طرح کے بیانات دے کر اپنی خفت مٹانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ پاکستان نے مضبوط دفاعی حکمتِ عملی اور قومی یکجہتی سے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔

عطا تارڑ نے ایک بار پھر دوٹوک الفاظ میں کہا کہ بھارت کی ہر جارحیت کا جواب دیا جائے گا، پاکستان کے دشمنوں کو یہ بات اچھی طرح سمجھ لینی چاہیے کہ ہم نہ صرف امن چاہتے ہیں بلکہ اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر حد تک جانے کا حوصلہ بھی رکھتے ہیں۔

Similar Posts