وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آٹے کی قیمتوں میں حالیہ کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچانے کا فیصلہ کرتے ہوئے صوبے بھر میں روٹی کے نرخ میں کمی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ انہوں نے پرائس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو فوری طور پر نئے نرخ مقرر کرنے اور عمل درآمد یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے واضح کیا کہ آٹے کی قیمت میں کمی کا ریلیف صرف فائلوں تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اس کا براہ راست اثر عام آدمی، خصوصاً غریب طبقے تک پہنچنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ روٹی کے نرخ تاریخ کی کم ترین سطح پر لائیں گے، آٹے کی قیمت میں کمی کے تناسب سے روٹی کی نئی قیمت مقرر کی جائے گی۔
انہوں نے چکن، سبزیوں اور دالوں کی قیمتوں پر بھی کڑی نگرانی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ غریب کا بچہ ہفتے میں ایک دن سستا چکن کھا لیتا تھا، اگر چکن مہنگا ہو گیا تو وہ ایک دن بھی نہیں کھا سکے گا، جو مجھے ہرگز برداشت نہیں۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ عام آدمی کے لیے بنیادی خوراک کی دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے تمام اضلاع میں پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو متحرک کرنے، نرخ نامے آویزاں کرنے اور خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی بھی تاکید کی۔