وزیراعظم شہباز شریف 2 روزہ دورے پر تاجکستان پہنچ گئے

0 minutes, 0 seconds Read

وزیراعظم شہباز شریف 2 روزہ دورے پر تاجکستان پہنچ گئے، وزیراعظم تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ملاقات بھی کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 3 روزہ دورہ آذربائیجان مکمل کرنے کے بعد 2 روزہ دورے پر تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے پہنچے، جہاں دوشنبے ایئرپورٹ پر تاجک وزیراعظم قاہر رسولزادہ، تاجک نائب وزیر خارجہ شریفزادہ فرخ حمدین، پاکستان میں تاجکستان کے سفیر یوسف شریفزادہ اور تاجکستان میں پاکستان کے سفیر محمد سعید سرور نے وزیراعظم کا پر تپاک استقبال کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات اور نشریات عطا تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ ہیں۔

وزیراعظم 2 روزہ دورے میں تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے دو طرفہ ملاقات کریں گے جبکہ شہباز شریف تاجکستان کے صدر سے پاکستان اور تاجکستان کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے حوالے سے گفتگو کریں گے۔

پاکستان نے معرکہ حق میں ایسے ملک کو شکست دی جو دفاع پر اربوں ڈالر خرچ کرتا ہے، وزیراعظم کا آذربائیجان کے یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب

وزیراعظم شہباز شریف جنوبی ایشیائی خطے میں بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران تاجکستان کی جانب سے پاکستان کی بھر پور حمایت پر تاجک صدر کا شکریہ ادا کریں گے۔

وزیراعظم اس دورے میں گلیشیرز کے تحفظ پر دوشنبے میں منعقدہ اعلیٰ سطحی عالمی کانفرنس میں شرکت کریں گے جس میں وزیراعظم شرکا کو ماحولیاتی تبدیلی کے پاکستان پر اثرات اور ماحولیاتی تبدیلی سے تحفظ اور گلیشیرز کے تحفظ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف 3 روزہ دورہ آذربائیجان مکمل کرکے تاجکستان کے لیے روانہ ہوئے، آذر بائیجان کےنائب وزیرخارجہ، آذر بائیجان میں تعینات پاکستانی سفیر قاسم محی الدین اور دیگر سفارتی عملے نے وزیراعظم کو رخصت کیا۔

تاجکستان روانگی کے موقع پر لاچین ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 28 مئی پاکستان اور آذربائیجان کے لیے بہت اہم ہے، 28 مئی 1998 کو پاکستان ایٹمی طاقت بنا اور 28 مئی کو ہی آذربائیجان نے آزادی حاصل کی، پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ آذربائیجان عظیم برادر ملک ہے اور صدر الہام علی یوف کی قیادت مکمل طور پر تبدیل ہوچکا ہے، ہم نے تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں مشترکہ تعاون پر بات چیت کی ہے، صدر الہام علی یوف نے گزشتہ روز پھر پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور ہم دوطرفہ استفادہ حاصل کرنے کے لیے اس سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم تجارت، دفاعی تعاون، صحت، تعلیم اور دیگر شعبہ جات میں مزید تعاون کو فروغ دیں گے۔

وزیراعظم 2 روزہ دورے پر ایران پہنچ گئے، ایرانی صدر سے ملاقات، دوطرفہ امور پر بات چیت

ایرانی سپریم لیڈر پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعات کے خاتمے پر خوش

واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف رواں ہفتے 25 مئی کو 4 ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں ترکیہ گئے تھے، جہاں انہوں نے صدر اردوان سے اہم ملاقات کی تھی، بعد ازاں ترکیہ کا دورہ مکمل کرنے کےبعد وزیراعظم تہران پہنچے تھے جہاں صدر مسعود پزشکیان اور آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے ایران کے سول جوہری پروگرام کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔

27 مئی کو وزیراعظم شہباز شریف 3 روزہ دورے پر آذربائیجان پہنچے تھے جہاں صدر الہام علی یوف سے ملاقات کے علاوہ انہوں نے گزشتہ پاکستا، ترکیہ، آذربائیجان کے مشترکہ فورم سے خطاب کیا تھا۔

Similar Posts