کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری سے گزشتہ روز لاپتہ ہونے والی کمسن بچی کو گٹر سے زندہ حالت میں برآمد کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق بچی کے کانوں سے بالیاں اتار لی گئیں، جس سے شبہ ہے کہ واقعہ ڈکیتی یا اغوا کی کوشش کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے گٹر میں پانی کی سطح کم تھی، جس کی وجہ سے بچی کی جان بچ گئی۔
اہل علاقہ کی اطلاع پر ریسکیو ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے بچی کو نکالا اور فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کی سنگینی کے پیش نظر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 2 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے اور تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تحقیقات جاری ہیں اور جلد ہی اصل محرکات سامنے آ جائیں گے۔