پشاور پولیس نے ارمڑ میں پیش آنے والے اندوہناک قتل عام میں ملوث 2 مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز پشاور مسعود بنگش کے مطابق، گرفتار ملزمان نے 19 مئی کو فائرنگ کر کے 6 افراد کو بے دردی سے قتل کیا تھا۔
پشاور کے علاقے ارمڑ میں 19 مئی کو 6 افراد کو قتل کیا گیا تھا مقتولین میں ماں، بیٹی، دو جواں سال بیٹے اور دو معصوم بچے شامل تھے۔
ایس ایس پی آپریشنز پشاور مسعود بنگش نے ملزمان کی گرفتاری کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کے بعد ملزمان دوسرے صوبے فرار ہو گئے تھے، تاہم جدید ٹیکنالوجی اور انٹیلیجنس کی مدد سے دونوں مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
لاہور: خواجہ سرا کے قتل کا معمہ حل، دونوں ملزمان گرفتار
لاہور میں بیٹوں نے ماں اور بہن کو قتل کردیا، ملزمان باپ سمیت گرفتار
پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والوں کی شناخت شمشاد اور منصور کے نام سے ہوئی ہے جبکہ ان کے قبضے سے آلائے قتل کلاشنکوف بھی برآمد کی گئی ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمان کا اصل ہدف ان کا بہنوئی تھا، جو خوش قسمتی سے اس حملے میں بچ گیا۔
مسعود بنگش کے مطابق ملزمان کو شبہ تھا کہ ان کے بہنوئی نے ان کی بہن کو قتل کیا تھا۔ مسعود بنگش نے بتایا ہے کہ معاملے کی مزید چھان بین کے لیے عدالت سے اجازت لے کر واقعے کا سبب بننے والی خاتون کی قبر کشائی بھی کی جائے گی تاکہ شواہد اکٹھے کیے جا سکیں۔