بھارت کی پراکسی جنگ ڈھکی چھپی نہیں رہی، مداخلت کے ثبوت موجود ہیں، فیلڈ مارشل

0 minutes, 0 seconds Read

فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے نیٹ ورکس کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، بھارت کی پراکسی جنگ اب ڈھکی چھپی نہیں رہی، ہمارے پاس بھارتی مداخلت کے ثبوت موجود ہیں، دشمن کے عزائم کو ہر صورت ناکام بنائیں گے، جو دشمن ہماری خودمختاری چیلنج کرےگا،اسے منہ توڑ جواب دیں گے۔ وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں ہائبرڈ خطرات کے خلاف پیشہ ورانہ مہارت اور اسٹریٹیجک فہم ناگزیر ہے، ریاستی ادارے دہشت گردی کے خلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے کوئٹہ میں گرینڈ جرگے سے مشترکہ خطاب کیا، یہ جرگہ بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال پر قبائلی قیادت سے مشاورت کے لیے منعقد کیا گیا تھا جبکہ گرینڈ جرگے میں بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں جاری پراکسی وار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے نیٹ ورکس کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، بھارتی پراکسی وار اب چھپی نہیں بلکہ کھلی جارحیت میں تبدیل ہوچکی ہے، ہمارے پاس بھارتی مداخلت کے ثبوت موجود ہیں، دشمن کی سازش کو ہر صورت ناکام بنائیں گے، چاہے اندرونی ہو یا بیرونی، جو دشمن ہماری خود مختاری چیلنج کرے گا، اسے منہ توڑ جواب دیں گے۔

جنرل عاصم منیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان آرمی ہر خطرے کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے، بلوچستان کے امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، پاکستان کا مستقبل بلوچستان کے استحکام اور خوشحالی سے جڑا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بھارت بلوچستان میں تخریب کاری کے ذریعے امن و ترقی کو نشانہ بنا رہا ہے، فتنہ الہندوستان جیسے دہشت گرد گروہ عوامی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، دہشت گردوں کو معاشرتی جگہ نہیں ملنے دینی چاہیئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ریاستی ادارے دہشت گردی کے خلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچائیں گے، بلوچستان کی ترقی کے لیے پیکجزمتعارف کروائے، اثرات عوام تک پہنچنے چاہئیں، بلوچ عوام نے قومی وحدت کے لیے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ دیرپاامن کے لیے دہشت گردی کے خلاف کوششوں کی کامیابی ناگزیر ہے، حکومت، افواج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں، امن دشمن عناصر کو کوئی جگہ نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور مددگاروں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی ہوگی، بلوچستان میں ہائبرڈ خطرات کے خلاف پیشہ ورانہ مہارت ناگزیر ہے۔

جرگے کے اختتام پر قبائلی عمائدین نے حکومت اور افواجِ پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔

Similar Posts