اثاثے چھپانے پر عمرایوب کیخلاف الیکشن کمیشن میں دائر ریفرنس سماعت کیلئے مقرر

0 minutes, 0 seconds Read

اثاثے چھپانے پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے خلاف الیکشن کمیشن میں دائر ریفرنس سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا جبکہ کیس کی سماعت 4 جون کو ہوگی۔

پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما عمر ایوب خان کے خلاف اثاثے چھپانے اور انتخابی دھاندلی کے الزامات پر الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کر دیا گیا۔

الیکشن کمیشن نے مذکورہ ریفرنس کو سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے 4 جون کی تاریخ مقرر کردی، یہ ریفرنس عمر ایوب کے مدِ مقابل امیدوار بابر نواز خان کی جانب سے دائر کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عمر ایوب پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے اثاثے چھپائے جبکہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی سے متعلق بھی ایک علیحدہ ریفرنس الیکشن کمیشن میں زیرِ سماعت ہے۔

مزید پیش رفت 4 جون کو متوقع ہے جب الیکشن کمیشن ریفرنس پر باضابطہ سماعت کرے گا۔

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 18 اپریل کو الیکشن کمیشن کی اس انکوائری پر عائد حکم امتناع ختم کرتے ہوئے ای سی پی کو ہدایت کی تھی کہ وہ تمام فریقین کو سن کر کارروائی آگے بڑھائے۔ قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عمر ایوب کی جانب سے دائر وہ درخواست بھی مسترد کر دی تھی، جس میں انکوائری کو روکنے کی استدعا کی گئی تھی۔

بعد ازاں 23 اپریل کو عمر ایوب نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت انتخابی نتائج کے خلاف قانونی مدت ختم ہوچکی ہے، لہٰذا الیکشن کمیشن کے پاس مزید کارروائی کا اختیار نہیں رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ 17 فروری سے 60 دن کی مدت 17 اپریل کو مکمل ہو چکی تھی، مگر اس کے باوجود ای سی پی نے ریفرنس پر کارروائی جاری رکھی، جو قانوناً درست نہیں۔

ریفرنس کی سماعت اب 4 جون کو ہوگی جس میں یہ طے کیا جائے گا کہ آیا عمر ایوب صادق اور امین کی آئینی شرائط پر پورا اترتے ہیں یا نہیں۔ اس کیس کے نتیجے میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی رکنیت اور قیادت بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

Similar Posts