کراچی: زلزلے کے جھٹکوں کے بعد ملیر جیل سے 100 سے زائد قیدی فرار

0 minutes, 0 seconds Read

کراچی میں منگل کی صبح اُس وقت ہلچل مچ گئی جب ملیر جیل سے اچانک 100 سے زائد قیدی فرار ہو گئے۔ جیل میں اچانک زلزلے کے جھٹکوں کے بعد قیدیوں نے شورش برپا کی، گولیاں چل گئیں، اور قیدی دیواریں پھلانگ کر قریبی آبادیوں میں جا نکلے۔ پولیس، رینجرز اور ایف سی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اب تک 70 سے زائد قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کر لیا ہے، تاہم 20 سے زائد تاحال لاپتہ ہیں۔

واقعے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک قیدی مارا گیا جبکہ تین زخمی ہو گئے۔ ایف سی کے تین اہلکاروں سمیت پانچ سیکیورٹی اہلکار بھی شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ڈی آئی جی جیل خانہ جات حسن سہتو کے مطابق صورتحال پر قابو پا لیا گیا ہے اور جیل اب مکمل طور پر کنٹرول میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قیدیوں نے زلزلے کے بہانے سے بیرکس سے باہر نکلنے کا موقع بنایا، تاہم کسی بھی خطرناک مجرم کے فرار ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی۔

کراچی میں زلزلوں کی لہر معمہ بن گئی، 24 گھنٹوں میں 10 جھٹکے

ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ ’میں نے خود جائے وقوعہ کا دورہ کیا، خوش قسمتی سے کوئی بڑی تباہی نہیں ہوئی، اور سب قیدی زیادہ تر چھوٹے جرائم میں ملوث تھے۔‘

صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے ملیر جیل کا ہنگامی دورہ کیا، جہاں ایس ایس پی ملیر کاشف عباسی نے انہیں صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جیل کی دیوار نہیں توڑی گئی بلکہ قیدیوں نے اندرونی انتشار سے فائدہ اٹھایا۔ اُن کے مطابق 800 سے زائد قیدی بیرکس سے باہر آ گئے تھے۔

ضیاء لنجار نے واضح کیا کہ فرار قیدیوں کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور انہیں جلد دوبارہ گرفتار کر لیا جائے گا۔

وزیر جیل خانہ جات علی حسن زرداری نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اور ڈی آئی جی جیل سے مکمل رپورٹ طلب کر لی ہے۔ پولیس، ایف سی، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملیر جیل اور اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر رکھا ہے، جبکہ بعض علاقوں میں ریسکیو آپریشن بھی جاری ہے۔

دوسری جانب زلزلے کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں گزشتہ رات 12 بج کر 53 منٹ پر بھی 3 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔ جس کا مرکز ڈی ایچ اے کے مشرق میں تیس کلومیٹر دور تھا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں دسویں بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو روز تک مزید جھٹکے آنے کا امکان ہے تاہم کسی بڑے نقصان کا خدشہ نہیں۔

Similar Posts