وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں توانائی کی پیداوار اور پانی کے وافر ذخیرے کو یقینی بنانے کے لیے دیامر بھاشا ڈیم جیسے بڑے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت دیامر بھاشا ڈیم اور دیگر آبی وسائل کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں متعلقہ حکام اور ماہرین نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی معاشی خود انحصاری کا انحصار سستی بجلی اور زراعت پر ہے، اور اس کے لیے پانی کے ذخائر میں اضافہ اور اس کا مؤثر استعمال ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بڑھانے، زرعی ضروریات پوری کرنے اور سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لیے نئے ڈیمز کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر میں حائل تمام رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے تاکہ یہ منصوبہ جلد از جلد مکمل ہو سکے اور قومی ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔
وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی کہ وہ مل کر جامع حکمت عملی ترتیب دیں تاکہ ملک کو پانی اور توانائی کے بحران سے نجات دلا کر دیرپا ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔