ملک کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے جبکہ بالائی علاقوں میں آج سے بارشوں کے نئے سلسلے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق عیدالاضحیٰ کے دوران بیشتر میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے جبکہ شمالی و مغربی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ نمی سے بھرپور ہوائیں شمال مشرقی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بھی آج سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہا ہے، جو 5 جون تک اثرانداز رہے گا۔
بارشوں کا یہ سلسلہ چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کرک، بنوں، لکی مروت، کوہاٹ، کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم اور گجرات میں متوقع ہے۔
ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں کے نئے اسپیل کی نوید سنادی گئی
ادھر میدانی علاقوں میں سورج قہر ڈھا رہا ہے۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ جیکب آباد میں 47، دادو میں 46، موئن جو دڑو اور تربت میں 45، سکھر اور نوابشاہ میں 43، ڈی جی خان اور بہاولپور میں 42، حیدرآباد اور ملتان میں 41، جبکہ فیصل آباد اور لاہور میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
کراچی اور اسلام آباد میں درجہ حرارت 37 جبکہ کوئٹہ میں 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جہاں موسم نسبتاً معتدل رہا۔
عوام کیلئے احتیاطی ہدایات
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ عید کے دنوں میں میدانی علاقوں میں شدید گرمی کا سلسلہ برقرار رہے گا، اس لیے شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خود کو دھوپ سے بچائیں اور پانی کا استعمال زیادہ کریں۔