کراچی کی ملیر جیل سے قیدیوں کے فرار ہونے کے واقعے کے بعد جیل انتظامیہ نے ریکارڈ مرتب کرنا شروع کردیا، فرار اور واپس آنے والے قیدیوں کی تعداد میں ایک بار پھر ردو بدل ہوگیا، جیل سے 216 کے بجائے 214 قیدی فرار ہوئے۔
ملیر جیل سے قیدیوں کے فرار کے واقعے نے جیل انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالات کھڑے کردیے، ابتدائی اطلاعات میں قیدیوں کی تعداد میں اختلاف کے بعد جیل انتظامیہ نے ریکارڈ کی ازسرِ نو جانچ شروع کر دی۔
جیل ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر بتایا گیا تھا کہ 216 قیدی فرار ہوئے تاہم تفصیلی جانچ کے بعد معلوم ہوا کہ ایک قیدی کا نام 2 بار مفروروں کی فہرست میں شامل کر لیا گیا تھا یوں اصل میں 214 قیدی ہی جیل سے فرار ہوئے تھے۔
ذرائع نے مزید انکشاف کیا ہے کہ فرار کے دوران ایک قیدی ہلاک ہو گیا، جس کے بعد حکام نے فرار ہونے والے قیدیوں کی مجموعی درست تعداد 214 بتائی ہے، اب تک 119 قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کر کے جیل واپس منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ 95 قیدی تاحال مفرور ہیں، مفرور قیدیوں میں منشیات کے عادی افراد، چور اور ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں قید افراد شامل ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مفرور قیدیوں کی گرفتاری کے لیے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے چھاپے مار رہے ہیں جبکہ جیل کے سیکیورٹی سسٹم کا بھی ازسرِنو جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق واقعے کی مکمل تفتیش کی جا رہی ہے اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔