کراچی کے علاقے پاک کالونی جہان آباد میں پولیس اور لیاری گینگ وار کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ دو طرفہ فائرنگ کے بعد گینگ وار کے 6 کارندے گرفتارکر لئے گئے۔
کراچی کے علاقے پاک کالونی جہان آباد میں پولیس اور لیاری گینگ وار کے کارندوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے بعد پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گینگ وار کے 6 کارندوں کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی کیماڑی فیضان علی کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات اور جدید خودکار اسلحہ برآمد ہوا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی لیاری گینگ وار کے بدنام زمانہ بلال پپو گینگ کے خلاف کی گئی۔
پولیس نے منشیات کے اڈے پر چھاپہ مار کر تقریباً 20 موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لیں جنہیں مختلف جرائم میں استعمال کیا جا رہا تھا۔
ایس ایس پی کے مطابق گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔ پولیس نے علاقے کو مکمل طور پر کلیئر قرار دے دیا ہے۔