خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے صوبے کی مالی کارکردگی سے متعلق اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مالی سال کے ابتدائی 11 ماہ میں خیبرپختونخوا کی ٹیکس آمدن میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 40 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جب کہ نان ٹیکس آمدن میں بھی 50 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگلے مالی سال کے لیے 40 فیصد مزید اضافہ کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، تاہم صوبے میں کوئی نیا ٹیکس نافذ نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا فوکس ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے اور مؤثر عملدرآمد پر ہوگا تاکہ مالیاتی خودکفالت کی طرف بڑھا جا سکے۔
مزمل اسلم نے ٹیکس دہندگان کو اعتماد دلاتے ہوئے کہا کہ صوبے کے شہریوں پر اضافی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا اور موجودہ ٹیکس نظام کو شفاف اور سہل بنانے کی کوشش جاری ہے۔
یہ اعلان آئندہ مالی سال کے بجٹ سے قبل سامنے آیا ہے اور اسے حکومت کی مالی حکمت عملی میں استحکام اور ریلیف کے توازن کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔