خان پور میں عید الاضحیٰ کے روز خوشیاں غم میں بدل گئیں جب دو الگ الگ واقعات میں تین کمسن بچے جاں بحق اور دو شدید زخمی ہو گئے۔
پہلا واقعہ مسن آباد، اڈا ظاہر پیر کے قریب پیش آیا جہاں دو موٹر سائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ اس حادثے کے نتیجے میں دو کمسن لڑکے 12 سالہ احمد اور 13 سالہ مسو خان موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ 11 سالہ عباس اور 10 سالہ راشد شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق، دونوں موٹر سائیکلوں پر سوار بچے آپس میں ریس لگا رہے تھے کہ اچانک تیز رفتاری کے باعث ٹکر ہو گئی۔ ریس لگانے کا یہ خطرناک شوق دو گھروں کو اجاڑ گیا اور علاقہ سوگ میں ڈوب گیا۔
دوسرا افسوسناک واقعہ گڑھی اختیار خان کے علاقے میں پیش آیا جہاں تین سالہ بچہ حیدر گھر میں کھیلتے ہوئے پنکھے سے کرنٹ لگنے کے باعث جان کی بازی ہار گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق، بچہ لاپرواہی سے ننگی تار کے قریب گیا جس سے اسے زور دار جھٹکا لگا اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔