عیدالاضحیٰ کا دوسرا دن: قربانی، کھابے اور سیروتفریح، خواتین کا روٹیاں اور ناشتہ بنانے سے انکار

0 minutes, 0 seconds Read

ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کے دوسرے روز بھی سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی جوش و جذبے سے جاری ہے۔ شہروں، قصبوں اور دیہی علاقوں میں لوگ چھوٹے بڑے جانوروں کی قربانی کرتے نظر آ رہے ہیں۔ قربانی کے بعد گوشت کے حصے کیے جا رہے ہیں، جو رشتہ داروں، مستحقین اور ہمسایوں میں تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ قربانی کا یہ سلسلہ کل تک جاری رہے گا،

پہلے روز جو میزبان بنے، آج وہ مہمان بن گئے ہیں۔ دعوتیں، بیٹھکیں، ہنسی مذاق، اور پرلطف کھابوں کا سلسلہ زوروں پر ہے۔ خواتین کچن میں اپنی مہارت کا جادو جگا رہی ہیں۔ کہیں بریانی کی خوشبو فضا میں گھل رہی ہے تو کہیں ہنٹر بیف، مٹن سجی، قورمہ، سیخ کباب، کوفتے اور کڑاہی مہمانوں کا دل لبھانے کو تیار ہیں۔

قربانی کے بعد ضیافتیں، کھابوں کی بہار اور نوجوانوں کی باربی کیو پارٹیاں

پشاور کے فوارہ چوک پر عید کی خوشبو کچھ خاص ہے۔ یہاں عوام کا رش صبح سے ہی دیکھنے میں آیا، جہاں قربانی کے بعد لوگ ناشتہ کرنے پہنچے۔ روایتی پکوانوں جیسے چنے، نہاری، حلوہ پوری، اور سری پائے کا خوب مزہ لیا جا رہا ہے۔

رائے ونڈ میں ایک بڑے مذہبی ادارے کی طرف سے اجتماعی قربانی کا اہتمام کیا گیا، جہاں پچیس گائیں ذبح کی گئیں۔ قربانی کے اس روحانی منظر نے عوام کے دلوں کو گرما دیا۔

دوسری طرف جلالپور پیروالہ میں شہریوں نے قربانی کے بعد مٹھائی اور کیک کی دکانوں کا رُخ کیا۔ مٹھاس کی خریداری میں لوگ بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں۔ ٹنڈو الٰہ یار اور شجاع آباد کی خواتین نے آج کچن سے چھٹی لے لی، ناشتہ بنانے سے انکار کر دیا۔ مرد حضرات ناشتہ پوائنٹس پر حلوہ پوری کی قطاروں میں دکھائی دیے۔

شیخوپورہ میں شہریوں نے چھٹی کے دن کا لطف دوبالا کرنے کے لیے مختلف تفریحی مقامات کا رخ کیا۔ پارکوں، چڑیا گھروں اور دیگر تفریحی جگہوں پر بچوں اور بڑوں کی گہماگہمی نظر آ رہی ہے۔

عید الاضحیٰ پر کراچی میں صفائی کے ناقص انتظامات پر ایم کیو ایم برہم

اگرچہ عوام خوشی منانے میں مصروف ہیں، لیکن کئی شہروں میں حکومتی دعووں کے باوجود سڑکوں پر آلائشوں کے ڈھیر نظر آئے۔ صفائی کی ناقص صورتحال نے عید کی خوشیوں میں خلل ڈالا، جس پر شہریوں نے شکایت کی کہ متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری طرح ادا نہیں کر سکے۔

مجموعی طور پر عیدالاضحیٰ کا دوسرا دن خوشیوں، عقیدت، مہمان نوازی، ذائقے اور رنگوں کا حسین امتزاج لیے ہوئے ہے۔

Similar Posts