تھانہ صدر کی حدود میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ناکہ بندی کے دوران مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی گئی، جس پر موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔
جوابی کارروائی میں دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت عرفان کھرل کے نام سے ہوئی ہے، جو ڈکیتی، راہزنی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث اور ریکارڈ یافتہ تھا۔
ہلاک ڈاکو کے قبضے سے تیس بور پسٹل اور متعدد گولیاں برآمد کر لی گئی ہیں۔ پولیس نے لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے مقامی اسپتال منتقل کر دیا ہے، جبکہ دیگر فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے۔