ملتان سے راولپنڈی جانے والی مہر ایکسپریس کو سفر کے دوران شدید تکنیکی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جب ٹرین کا انجن کروڑ لعل عیسن ریلوے اسٹیشن پر اچانک فیل ہوگیا۔ ٹرین گزشتہ چار گھنٹوں سے اسٹیشن پر کھڑی ہے، جس کے باعث درجنوں مسافر شدید گرمی میں اذیت کا شکار ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق ٹرین کا اے سی بھی بند ہو چکا ہے جس سے بوگیوں کا درجہ حرارت ناقابل برداشت ہو چکا ہے۔ مسافروں نے ریلوے انتظامیہ سے فوری متبادل انجن بھیجنے اور بحالی کے اقدامات کی اپیل کی ہے۔
ٹرین ملتان سے راولپنڈی جا رہی تھی جب راستے میں انجن فیل ہونے کے باعث کروڑ لعل عیسن اسٹیشن پر رکی، تاہم کئی گھنٹوں بعد بھی ٹریک بحال نہ ہو سکا۔ مسافروں نے انتظامیہ کی غفلت پر شدید احتجاج کیا ہے۔
ریلوے ذرائع کے مطابق انجن کی خرابی دور کرنے کے لیے انجینئرز کو روانہ کیا جا چکا ہے اور جلد متبادل انجن پہنچنے کی امید ہے۔