بھارت میں ایک حاضر نیوی افسرکو بیوی نے آشنا کے ساتھ ملکر قتل کرڈالا، لاش کے 15 ٹکڑے کر کے ایک ڈرم میں ڈالے اورسیمنٹ سے سیل کردیا۔
یہ دلخران واقعہ بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر میرٹھ میں پیش آیا۔ واقعے کے مطابق بیوی نے آشنا کے ساتھ ملکر شوہر مرچنٹ نیوی افسر سوربھ راجپوت کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا، اس کی لاش کے تقریباً 15 ٹکڑے کر کے ایک ڈرم میں ڈالے گئے اور سیمنٹ سے سیل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق اس لرزہ خیز قتل کے پیچھے سوربھ کی بیوی مسکان راستوگی اور اس کے عاشق ساحل شکلا کا غیر ازدواجی تعلق تھا۔
پولیس کے مطابق سوربھ راجپوت اور مسکان راستوگی کی 2016 میں لو میرج ہوئی تھی۔ شادی کے بعد، سوربھ اپنی بیوی کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کے لیے مرچنٹ نیوی کی نوکری چھوڑ کر گھر آ گئے۔ لیکن ان کا یہ فیصلہ ان کے اہل خانہ کو پسند نہیں آیا، جس کی وجہ سے گھریلو کشیدگی پیدا ہوئی اور سوربھ نے الگ رہنے کا فیصلہ کیا۔ دونوں ایک کرائے کے مکان میں منتقل ہو گئے اور 2019 میں ان کے ہاں بیٹی پیدا ہوئی۔
لیکن یہ خوشی زیادہ دن قائم نہ رہ سکی، سوربھ کو جلد ہی معلوم ہو گیا کہ مسکان کا اس کے دوست ساحل کے ساتھ تعلق ہے۔ اس پر دونوں کے درمیان کشیدگی بڑھی اور بات طلاق تک جا پہنچی تاہم بیٹی کے مستقبل کی خاطر سوربھ نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا اور دوبارہ مرچنٹ نیوی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔ 2023 میں وہ ملک سے باہر چلے گئے۔
28 فروری کو سوربھ بیٹی کی سالگرمنانے گھر واپس آیا، مسکان اور ساحل نے اس سوربھ کو قتل کرنے منصوبہ بنایا۔
پولیس کو دیے گئے بیان کے مطابق 4 مارچ کو مسکان نے سوربھ کے کھانے میں نیند کی گولیاں ملا دیں۔ جب وہ بے ہوش ہو گیا تو اس نے اور ساحل نے اسے چاقو سے قتل کر دیا، لاش کے ٹکڑے کیے اور ڈرم میں ڈال کر سیمنٹ سے سیل کر دیا۔ ان کا منصوبہ موقع ملتے ہی لاش کو ٹھکانے لگانے کا تھا۔
جب محلے کے لوگوں نے سوربھ کے بارے میں پوچھا تو مسکان نے بتایا کہ وہ کسی پہاڑی مقام پر گیا ہوا ہے۔ شبہات کو دور کرنے کے لیے، مسکان اور ساحل سوربھ کے موبائل کے ساتھ منالی گئے اوراس کی سوشل میڈیا آئی ڈیز سے تصاویر اپلوڈ کرتے رہے۔ لیکن جب کئی دنوں تک سوربھ نے اپنے خاندان کے فون نہیں اٹھائے تو انہوں نے پولیس میں شکایت درج کرا دی۔
پولیس نے مسکان اور ساحل کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی، تفتیش کے دوران ملزمان نے قتل کا اعتراف کرلیا۔
میرٹھ پولیس کے اعلیٰ افسر آیوش وکرم سنگھ نے بتایا کہ سوربھ راجپوت کے لاپتہ ہونے کی شکایت کے بعد پولیس نے تفتیش شروع کی۔
شبہ ہونے پرمقتول کی بیوی مسکان اور ساحل کو حراست میں لیا گیا ہے۔ پوچھ گچھ کے دوران انہوں نے 4 مارچ کو چاقو سے قتل کرنے اور لاش کو ڈرم میں سیمنٹ سے سیل کرنے کا اعتراف کیا۔
پولیس نے لاش برآمد کر کے پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی ہے۔ دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور جلد ہی انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔