خیبر پختونخوا کے حساس ضلع بنوں میں دہشتگردوں نے ایک بار پھر تھانہ میریان کو نشانہ بنایا ہے، جہاں کواڈ کاپٹر ڈرون کے ذریعے بارودی مواد پھینکا گیا۔ حملے میں دو شہری معمولی زخمی ہوئے ہیں، تاہم خوش قسمتی سے پولیس اہلکار محفوظ رہے اور کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس ذرائع کے مطابق بارودی مواد تھانے کے ساتھ موجود نالے میں گرا، جس کے باعث دھماکے کی شدت محدود رہی۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمی ہونے والے شہریوں کی شناخت مبارک خان اور فہیم اللہ جان کے نام سے ہوئی ہے۔
تھانہ میریان پر اس سے قبل بھی حملے کیے جا چکے ہیں، تاہم ان حملوں میں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پولیس اہلکار الرٹ تھے جس کے باعث بڑی تباہی سے بچا جا سکا۔