راولپنڈی کی تمام نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں مکمل بلیک آؤٹ رکھنے کے احکامات جاری

0 minutes, 0 seconds Read

بھارتی جارحیت اور سیکیورٹی کے پیش نظر راولپنڈی کی تمام نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں مکمل بلیک آؤٹ رکھنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔

راولپنڈی کی انتظامیہ کی جانب سے جاری ہونے والے حکم نامے کے مطابق شام 7 سے صبح 5 بجے تک نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں مکمل بلیک آؤٹ رہے گا۔

حکم نامے میں لکھا گیا ہے کہ تمام رات اسٹریٹ لائٹس بھی بند رکھی جائیں گی، رہاہشی بھی گھروں کے باہر اور پورچ وغیرہ کی لائٹس بند رکھنے کے پابند ہوں گے۔

انتظامیہ نے گھروں اور دفاتر کی کھڑکیاں مکمل کور رکھنے اور گھروں میں محدود لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اس کے علاوہ شہریوں کو بلیک آؤٹ کے دوران غیر ضروری سفر سے بھی اجتناب کی ہدایات کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت نے گزشتہ رات، اندھیرے میں پاکستان کے شہری علاقوں پر حملہ کرکے طبل جنگ بجادیا تھا۔

بھارتی حملے کے بعد پاکستان کی مسلح افواج نے بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیارے مارے گرائے، جب کہ ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر سمیت متعدد فوجی چیک پوسٹوں کو تباہ کردیا تھا، بھارتی فوج نے ایل اوسی کے چورا کمپلیکس پر سفید جھنڈ الہرا کر شکست تسلیم کرلی تھی۔

وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ نے صبح سویرے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی فوج نے سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کرلی ہے، پاک فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر دشمن کی پوسٹوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے، پاکستان کے مؤثر جواب کے بعد بھارت کی متعدد پوسٹیں تباہ ہوئیں جبکہ پاکستان نے بھارت کے 5 لڑاکا طیارے اور ایک ڈرون مار گرایا۔

اس کے علاوہ پاک فوج کی جوابی کارروائیاں تاحال جاری ہیں اور دشمن کو بھاری نقصان پہنچنے کی مسلسل اطلاعات مل رہی ہیں۔

Similar Posts