لیاری سے بی ایل ایف سے تعلق رکھنے والا انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار، اہم انکشافات متوقع

0 minutes, 0 seconds Read

رینجرز اور سی ٹی ڈی پولیس نے مشترکہ انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے لیاری سے کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب دہشت گرد اختر عرف اکو عرف بنگالی کو گرفتار کر لیا۔

کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم اختر لیاری کے علاقے سر گواد کا رہائشی ہے، جو 2019 میں اپنے قریبی ساتھی فراز عرف گنج بلوچ کے کہنے پر بی ایل ایف میں شامل ہوا۔ ملزم مختلف حساس مقامات کی ریکی اور ویڈیوز بنانے میں ملوث رہا ہے۔

پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی کا کامیاب آپریشن، 10 سے زائد دہشت گرد ہلاک

تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ 9 مارچ 2021 کو اس نے اپنے ساتھی فراز عرف گنج کے ہمراہ تھانہ بغدادی کے علاقے کمیلا بس اسٹاپ لیاری میں ایک چائنیز نیشنل کی گاڑی پر فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں منیجر جیسن اور را بگیر خالد زخمی ہوئے تھے۔ واقعے کی ایف آئی آر تھانہ بغدادی میں درج ہے اور ملزمان کی شناخت سی سی ٹی وی فوٹیج سے بھی ہوئی ہے۔

مزید انکشافات میں ملزم نے بتایا کہ وہ اپنے ساتھی کے ہمراہ حب چوکی میں صحافیوں اکرم ساجدی اور شاہد زہری کی نقل و حرکت کی ریکی اور ویڈیوز بنا کر بی ایل ایف کمانڈر عبدالرحمٰن عرف عدنان عرف ڈیوڈ کو بھیجنے میں ملوث تھا۔

10 اکتوبر 2021 کو بی ایل ایف کے دہشت گردوں نے شاہد زہری کی گاڑی پر مقناطیسی بم نصب کیا، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوئے۔

1 نومبر 2021 کو صحافی اکرم ساجدی کی گاڑی پر بھی مقناطیسی بم حملہ کیا گیا، جس میں وہ موقع پر جاں بحق ہوئے۔

حکام کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید اہم اور سنسنی خیز انکشافات کی توقع ہے۔ اسے اسلحہ و ایمونیشن سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

Similar Posts