پاکستانی سیلیبرٹیز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھارت میں کھولے جانے کے فوراً بعد دوبارہ بند

0 minutes, 0 seconds Read

بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں پاکستانی فنکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ایک بار پھر بھارتی صارفین کے لیے بلاک کر دیے گئے ہیں۔ جمعرات کی صبح، نامور پاکستانی شخصیات جیسے ہانیہ عامر، ماہرہ خان، شاہد آفریدی، ماورا حسین اور فواد خان کے انسٹاگرام اور ایکس پروفائلز بھارت میں دوبارہ غیر دستیاب ہو گئے۔

یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب صرف ایک روز قبل، بدھ کو، کئی پاکستانی یوٹیوب چینلز اور انسٹاگرام اکاؤنٹس بھارتی صارفین کے لیے اچانک دستیاب ہو گئے تھے۔ ان اکاؤنٹس میں ٹیلی وژن چینلز بھی شامل تھے۔

2 جولائی کو، صبا قمر، ماورا حسین، فواد خان، شاہد آفریدی، احد رضا میر، یمنہ زیدی اور دانش تیمور سمیت کئی دیگر فنکاروں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس بھارت میں کھلنے لگے تھے، جس پر مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا اور قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں کہ شاید سوشل میڈیا پر عائد پابندیاں خاموشی سے ختم کر دی گئی ہیں۔

بھارتی ڈیزائنر نے انسٹاگرام سے ماہرہ اور ہانیہ کی تصاویر ہٹا دیں

تاہم جمعرات کو ایک بار پھر صورتحال بدل گئی اور جب بھارتی صارفین نے ان فنکاروں کے پروفائلز کھولنے کی کوشش کی، تو ایک پیغام ظاہر ہوا، ’اکاؤنٹ بھارت میں دستیاب نہیں۔ یہ کارروائی قانونی درخواست پر کی گئی ہے۔‘

ابھی تک بھارتی حکومت یا وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے اس صورتحال پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

بھارت نے لاہور قلندرز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس تک رسائی بند کردی

یاد رہے کہ یہ پابندیاں اس وقت عائد کی گئی تھیں جب افواجِ پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحیت کے جواب میں ’آپریشن بنیان مرصوص‘ شروع کیا گیا تھا۔ اور بھارت کوفنکاروں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا تھا۔ جس کے بعد بھارت میں ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندی لگا دی گئی تھی۔

Similar Posts