وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹیکس بڑھانے کی تمام تجاویز مسترد کردیں اور کہا کہ رجسٹریشن کرانے والے کو سزا مل جائے اور ٹیکس چوری کرنے والے مزے کرتے رہیں، یہ نہیں ہوگا۔
لاہور میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹیکس تجاویز مسترد کرتے ہوئے ٹیکس نیٹ ورک بڑھانے کی ہدایت کردی۔
مریم نواز نے کہا کہ ٹیکس بڑھا کر عوام پر بلاوجہ بوجھ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، 2 لاکھ روپے تنخواہ لینے والا ٹیکس دے اور کروڑوں آمدن والا ٹیکس نہیں دیتا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لیے پنجاب میں نان رجسٹرڈ ریسٹورنٹس اور شادی ہالوں کی رجسٹریشن کے لیے اقدامات کی ہدایت کردی۔
انہوں نے پنجاب ریونیواتھارٹی، مائنز اینڈ منرل اور دیگر ڈیپارٹمنٹ کو بھی ریونیو کے نئے مواقع دریافت کرنے کا حکم دیا۔
پنجاب بھر میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی و ستھرائی کے بہترین انتظامات پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سینٹری ورکرز کو شاباش اور 10 ہزار فی کس دینے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب کے ورکرز اور اہلکاروں نے اس قدر گرمی میں لگن اور محنت سے فرائض سرانجام دیے، ان ورکرز نے شہروں اور دیہات میں صفائی کا اعلی معیار قائم کیا، آپ سب کا شکریہ۔