وفاقی حکومت نے بجٹ 26-2025 میں آئن لائن خریداری پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی ہے۔
آن لائن کاروبار اور کوریئر سروس والوں کے لیے بری خبر آگئی، حکومت نے ان کے لیے شکنجہ تیار کرلیا، بجٹ ای کامرس، کورئیر اور لاجسٹک خدمات دینے والوں پر 18 فیصد ٹیکس کی تجویز دی گئی۔
وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے اپنی بجٹ تقریر میں میں کہا ہے کہ آن لائن کاروبار اور ڈیجیٹل مارکیٹ پلیس کی تیزی سے ترقی کی وجہ سے اشیا کی قیمتوں میں ایسا بگاڑ پیدا ہوگیا ہے جس سے دستاویزی کاروبار کرنے والے ری ٹیلرز کو نقصان ہورہا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے اعلان کیا کہ وہ اب ای کامرس پلیٹ فارمز، اور کوریئر سروس مہیا کرنے والے، ڈیجیٹل طور پر منگوائی جانے والی اشیا اور خدمات پر ٹیکس کاٹیں گے، اس اقدام سے اس بات کو یقینی بنایا جا سکے گا کہ تیزی سے ترقی کرتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت محصولات میں اپنا حصہ شامل کرے، آن لائن مارکیٹ پلیسز، کوریئر سروس اور ادائیگی میں معاونت کرنے والے اداروں پر لازم ہوگا کہ وہ ہر ماہ اپنا ٹرانزیکشن ڈیٹا اور وصول کیے جانے والے ٹیکس کی رپورٹ جمع کرائیں۔