پنجاب میں شدید ہیٹ ویو، بھکر میں درجہ حرارت کی نصف سنچری

0 minutes, 0 seconds Read

پنجاب میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، گزشتہ روز بھکر میں درجہ حرارت کی نصف سنچری۔ ڈیرہ غازی خان اور نورپور تھل میں 49 سینٹی گریڈ، گوجرانوالہ، جیکب آباد، لیہ، منڈی بہاؤالدین اور سبی میں48 سینٹی گریڈ ریکارڈ۔ لاہور میں 46، پشاور میں 45، اسلام آباد میں 44، کوئٹہ میں 36 اور کراچی میں 34 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ 13 جون تک ہیٹ ویو جاری رہنے کی پیش گوئی ہے۔

پنجاب بھر میں شدید گرمی کی لہر نے معمولات زندگی کو مفلوج کر دیا ہے، سورج کی تپش بے قابو ہوتی جا رہی ہے۔ بھکر میں گزشتہ روز درجہ حرارت نے ہاف سنچری مکمل کرتے ہوئے 50 ڈگری سینٹی گریڈ کی حد عبور کر لی، جبکہ دیگر کئی اضلاع بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔

سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہیٹ ویو کا خدشہ

محکمہ موسمیات کے مطابق ڈیرہ غازی خان اور نورپور تھل میں پارہ 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، جبکہ حافظ آباد، گوجرانوالہ، لیہ اور منڈی بہاؤالدین میں درجہ حرارت 48 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح بہاولنگر، چکوال، جہلم، جوہرآباد، خانیوال، سرگودھا، شیخوپورہ اور سیالکوٹ میں گرمی کی شدت 47 ڈگری تک پہنچ گئی۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ہیٹ ویو کا سلسلہ 13 جون تک جاری رہنے کا امکان ہے، اور درجہ حرارت معمول سے 7 ڈگری زیادہ رہنے کا خدشہ ہے۔ اس صورت حال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا ہے اور ہیٹ ویو سے بچاؤ کے اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔

پنجاب میں ہیٹ ویو کا الرٹ جاری، ضلعی انتظامیہ اور محکمے ہائی الرٹ پر

پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ شدید گرمی کے دوران بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکالیں اور پانی کا استعمال زیادہ کریں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ دوپہر کے اوقات میں دھوپ سے حتی الامکان پرہیز کریں اور سر کو ڈھانپ کر رکھیں۔

Similar Posts