عظمی بخاری نے شرجیل میمن کے بیان پر زبردست ردعمل دے دیا

0 minutes, 0 seconds Read

پنجاب کی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے شرجیل میمن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں آپ اچھا سسٹم لے آئے ہیں تو چلیں شاباش اب کراچی کا کوڑا تو اٹھالیں، متکبر اور غرور سے بھرے وہ لوگ ہیں جو دو ٹرم اور تین ٹرم سے اقتدار انجوائے کر رہے ہیں اور کارکردگی زیرو ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ مریم نواز پاکستان کی تاریخ کی پہلی خاتون وزیراعلی پنجاب منتخب ہوئی، مریم نواز نے عاجزی اور خدمت کو اپنا اوڑنا بچھونا بنایا، مریم نواز کی عاجزی اور انکساری ہی ان کی مقبولیت کی وجہ ہے۔

عظمی بخاری نے کہا کہ مریم نواز کے طرز حکومت کے سندھ کے لوگ بھی دیوانے ہیں، مریم نوازکی مقبولیت ہی آپ کا اصل مسئلہ ہے، متکبر اور غرور سے بھرے وہ لوگ ہیں جو دو ٹرم اور تین ٹرم سے اقتدار انجوائے کر رہے ہیں، ان کی کارکردگی زیرو ہے، مریم نواز سے کارکردگی میں مقابلہ کریں، جلنے کڑھنے اور بیان بازی کا کوئی فائدہ نہیں، آپ کے بقول سندھ میں آپ اچھا سسٹم لے آئے ہیں تو چلیں شاباش اب کراچی کا کوڑا تو اٹھالئیں پنجاب کی فکر کرنے کے لیے پنجاب کے وارث موجود ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں بیٹھے متکبر لوگوں کو سندھیوں کے حال پر رحم کھانا چاہیئے، پنجاب میں پہلے بھی مضبوط بلدیاتی نظام مسلم لیگ نون نے بنایا تھا، انشا اللہ اب بھی بنائیں گے، جس جماعت کے پنجاب کے صوبائی حلقوں سے 400 ووٹ اور یونین کونسل سے 50 ووٹ نکلتے جلد ہی انکا امتحان آنے والا ہے۔

یہ تاثر ختم کرنا ہوگا کہ پنجاب کسی ایک جماعت کی جاگیر ہے، شرجیل میمن

قبل ازیں اپنے ایک بیان میں سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل میمن نے کہا کہ یہ تاثر ختم کرنا ہوگا کہ پنجاب کسی ایک جماعت کی جاگیر ہے، موجودہ پنجاب حکومت کا رویہ متکبرانہ اور سیاسی حق تلفیوں پر مبنی ہے، پنجاب حکومت نفرت اور تقسیم در تقسیم کی سیاست کو ہوا دے رہی ہے، جو افسوسناک امر ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ہم نے بلدیاتی اداروں کی بات کی تو کیا یہ غلط کہا؟ کیا بلدیاتی انتخابات کا مطالبہ آئین کے خلاف ہے یا پھر پنجاب میں عوام کو ان کا بنیادی حق دلانا جرم ہے؟

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی ادارے فعال نہیں، نچلی سطح پر کوئی جواب دہ نظام موجود نہیں تو ہم خاموش تماشائی بن کرنہیں بیٹھ سکتے، پنجاب میں بلدیاتی نظام کی بحالی، اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی عوام کا حق ہے، پیپلز پارٹی نہ صرف بلدیاتی انتخابات کا مطالبہ کرتی رہے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کا سب سے بڑا صوبہ بلدیاتی اداروں کے بجائے کمشنری نظام کے تحت معاملات چلائے تو یہ جمہوریت کے منافی ہے۔

Similar Posts