پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کو مسترد کردیا

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان نے برسلز میں دیے گئے بھارتی وزیر خارجہ کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کو یکسر مسترد کردیا، ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ بھارت کو دوسروں پر الزامات عائد کرنے کے بجائے اپنی دہشت گردی، تخریب کاری اور ہدف وار قتل و غارت گری میں ملوث ہونے پر غور کرنا چاہیئے۔

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان بھارتی وزیر خارجہ کے بیانات کو سختی سے مسترد کرتا ہے، پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ ڈاکٹر جے شنکر کے برسلز میں مختلف میڈیا انٹرویوز میں غیر ذمہ دارانہ بیانات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے، اعلیٰ سفارت کاروں کی گفتگو کا مقصد اشتعال انگیز جملے بازی کے بجائے امن و ہم آہنگی کو فروغ دینا ہونا چاہیئے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ کسی وزیر خارجہ کے لب و لہجہ اور گفتگو کا معیار ان کے باوقار منصب کے شایانِ شان ہونا چاہیئے، گزشتہ کئی سالوں سے بھارت ایک من گھڑت بیانیے کے ذریعے خود کو مظلوم ظاہر کرکے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی مذموم مہم میں مصروف ہے۔

شفقت علی خان نے کہا کہ بھارت کی مسلسل پاکستان مخالف ہرزہ سرائی اُس کے سرحد پار دہشت گردی کی پشت پناہی اور مقبوضہ کشمیر میں ریاستی ظلم و جبر پر پردہ نہیں ڈال سکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو دوسروں پر الزامات لگانے کے بجائے خود پر نظر ڈالنی چاہیئے، بھارت کو اپنی دہشت گردی، تخریب کاری اور ہدف وار قتل و غارت گری میں ملوث ہونے پر غور کرنا چاہیئے۔

بھارت کے حالیہ اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ بھارت کو حالیہ جارحانہ اقدامات کے جواز کے لیے جھوٹے اور گمراہ کن بیانیے گھڑنے سے باز آنا چاہیئے۔

ترجمان دفترخارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی، مکالمے اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے، تاہم وہ کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنی خودمختاری کے دفاع کے عزم اور صلاحیت میں پُرعزم ہے، جیسا کہ گزشتہ ماہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ حملوں کے بعد پاکستان کے مؤثر جواب سے ظاہر ہوا۔

شفقت علی خان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے بیانیہ اُس کی مایوسی کو ظاہر کرتا ہے، یہ مایوسی اسے پاکستان کے خلاف ایک ناکام عسکری مہم کے بعد سامنے ہوئی ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی قیادت کو چاہیئے کہ وہ پاکستان کے خلاف اپنی جنونیت ترک کرے اور اپنی گفتگو کا معیار بہتر بنائے، تاریخ اُنہیں یاد نہیں رکھے گی جنہوں نے سب سے زیادہ شور مچایا، تاریخ اُنہیں یاد رکھے گی جو سب سے زیادہ دانشمندانہ انداز میں عمل پیرا رہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر نے برسلر میں اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف اشتعال انگیزی کی تو بھارت پاکستان میں گہرائی میں حملہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

Similar Posts