آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل پہلے ہی روز ڈرامائی رخ اختیار کرگیا، 78.4 اوورز کے کھیل میں 14 وکٹیں گرگئیں، پہلے دن کے اختتام پر جنوبی افریقا نے پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 43 رنز بنا لیے اور 169 رنز کا خسارہ ابھی باقی ہے۔
انگلینڈ کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کا ٹاس جنوبی افریقا کے کپتان ٹمبا باؤما نے جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
جنوبی افریقا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کی پوری ٹیم 56.4 اوورز میں 212 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ اور مارنس لبوشین نے اننگز کا آغاز کیا تاہم خواجہ کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے جبکہ مارنس لبوشین 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
تیسرے نمبر پر آنے والے کیمرون گرین 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور ٹرویس ہیڈ 11 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔
کینگروز کی جانب سے بیو ویبسٹر 72 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ اسٹیون اسمتھ 66، ایلکس کیرے 23، کپتان پیٹ کمنز اور مچل اسٹارک ایک، ایک جبکہ نیتھن لائن اور عثمان خواجہ کھاتہ بغیر کھولے پویلین لوٹے جبکہ کینگرو کے 6 بیٹرز ڈبل فیگرمیں بھی داخل نہ ہوسکے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے کیگیسو رباڈا نے 5، مارکو جینسن نے 3 اور ایڈن مارکرم اور کیشو مہاراج نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
جواب میں جنوبی افریقا کی بیٹنگ بھی ابتداہی سے مشکلات کا شکار رہی اور دن کے اختتام تک جنوبی افریقا نے 4 وکٹ کھو کر 43 رنز بنالیے جبکہ آسٹریلیا کی برتری ختم کرنے کے لیے اسے اب بھی مزید 169 رنز درکار ہیں۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ریان رکلٹن 16، وائن مولڈر 6، ٹرسٹین اسٹبز اور ایڈن مارکرم صفر پر پویلین لوٹے ہیں۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹار ک نے 2 جبکہ پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
جنوبی افریقا کا اسکواڈ
جنوبی افریقا کی ٹیم میں کپتان ٹمبا باوما، ایڈن مارکرم، ریان رکلیٹن، ویان مولڈر، ٹرسٹن اسٹبس، ڈیوڈ بیڈنگھم، کائل ویرین، مارکو جانسن، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا اور لنگی نگیڈی شامل ہیں۔
آسٹریلیا کا اسکواڈ
آسٹریلیا کی ٹیم میں کپتان پیٹ کمنز، عثمان خواجہ، مارنس لیبوشن، کیمرون گرین، اسٹیون اسمتھ، ٹریوس ہیڈ، بیو ویبسٹر، ایلکس کیری، مچل اسٹارک، نیتھن لیون اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کے پاس آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ جیت کر تاریخ رقم کرنے کا سنہری موقع ہے۔
ورلڈٹیسٹ چیمپئن شپ کے پچھلے ایڈیشن کا فائنل اوول کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا تھا جس میں بھارت کو شکست دے کر آسٹریلیا چیمپئن بنی تھی اور اس بار وہ جنوبی افریقا کو شکست دے کر مسلسل 2 ٹائٹل جیت کر تاریخ رقم کرسکتی ہے۔