بجٹ میں بجلی صارفین پر اضافی سرچارج لگانے کی تیاری، نیپرا ایکٹ میں ترمیم کا فیصلہ

0 minutes, 0 seconds Read

وفاقی حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بجلی صارفین پر اضافی مالی بوجھ ڈالنے کی تیاری کر رہی ہے، جس کے تحت نیپرا ایکٹ میں ترمیم کے ذریعے بجلی بلوں پر عائد سرچارج کی 10 فیصد حد ختم کی جائے گی، تاکہ حکومت کو بلوں میں مزید اضافہ کا قانونی اختیار حاصل ہو سکے۔

ذرائع کے مطابق، ترمیم کے بعد حکومت مخصوص مدت اور کیس ٹو کیس بنیاد پر سرچارج میں اضافہ کر سکے گی، جبکہ فی یونٹ 3 روپے 23 پیسے تک کا اضافی سرچارج وصول کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ تاہم، ابھی اس بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

ماضی میں یہ سرچارج بنیادی طور پر گردشی قرضے کے سود کی ادائیگی کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے، اور اب بھی حکومت گردشی قرضے کو ختم کرنے کے لیے 1275 ارب روپے کا قرض لینے جا رہی ہے۔ یہ قرض کمرشل بینکوں سے لیا جائے گا، جسے آئندہ چھ سالوں میں بجلی صارفین سے سرچارج کے ذریعے واپس کیا جائے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ ترمیم منظور ہو جاتی ہے تو حکومت کو بجلی نرخوں میں اضافے کا مستقل اختیار حاصل ہو جائے گا، جو مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کے لیے مزید مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔

Similar Posts