مشرقِ وسطیٰ میں ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کا عالمی مالیاتی منڈیوں پر بھی اثر دیکھا جا رہا ہے ، ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں شدید مندی دیکھی جا رہی ہے جبکہ سرمایہ کاروں کی جانب سے محفوظ سرمایہ کاری کی تلاش میں سونے کی عالمی قیمت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
جاپان کی اسٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کے باعث نکئی انڈیکس میں ایک فیصد سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح جنوبی کوریا کے کوسپی انڈیکس میں بھی ایک فیصد سے زیادہ کی گراوٹ دیکھنے میں آئی۔
ادھر ہانگ کانگ کی ہینگ سینگ مارکیٹ بھی غیر یقینی عالمی سیاسی صورتحال کے زیراثر رہی، اور انڈیکس میں ایک فیصد کے قریب کمی ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں کسی بھی ممکنہ طویل جنگ کے خدشے کے پیشِ نظر سرمایہ کار محفوظ اثاثوں کی جانب منتقل ہو رہے ہیں۔
ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے اثرات سونے کی عالمی مارکیٹ میں بھی واضح نظر آ رہے ہیں۔ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں کمی کے باعث سونے کی فی اونس قیمت میں بڑا اضافہ ہوا ہے، اور قیمت بڑھ کر 3421 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی ہے۔