چین کا اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایران کی مکمل حمایت کا اعلان

0 minutes, 0 seconds Read

چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، چین نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایران کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا۔ چینی وزیرخارجہ نے اسرائیلی وزیر خارجہ سے بھی رابطہ کیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔

چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطے میں اسرائیل کی جانب سے طاقت کے بے دریغ استعمال کی شدید مذمت کی۔

چینی وزارت خارجہ کے مطابق وانگ یی نے ایران کو یقین دلایا کہ چین، ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کو ناقابلِ قبول سمجھتا ہے اور عالمی اصولوں کی خلاف ورزی کے خلاف آواز بلند کرتا رہے گا۔

اس سے قبل چین نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت بھی کی اور کہا کہ ایران کو پرامن جوہری توانائی کے استعمال کا پوراحق حاصل ہے، اسرائیل کشیدگی میں مزید اضافہ روکنے کے لیے اپنی فوجی کارروائیاں بند کرے۔

چینی وزیر خارجہ نے اسرائیلی ہم منصب سے بھی رابطہ کیا اور مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل کو فوجی کارروائیاں بند کرنے اور کشیدگی میں مزید اضافے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا۔

Similar Posts