ایران، اسرائیل میں چند گھنٹوں میں جنگ بندی ہوسکتی ہے، میکرون کا دعویٰ

0 minutes, 0 seconds Read

ایران اور اسرائیل تنازع میں چند گھنٹوں میں پیشرفت ہوسکتی ہے، فرانسیسی صدرمیکرون نے دعویٰ کردیا، کہا معاملہ جی سیون اجلاس میں لے جانے کا موقع موجود ہے۔

فرانس کے صدر ایما نیوئل میکرون نے امید ظاہر کی ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی ”آنے والے چند گھنٹوں میں“ ختم ہو جائے گی اور خطے میں امن کی راہ ہموار ہوگی۔ انہوں نے ایران کے ساتھ نیوکلیئر مذاکرات کی بحالی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

میکرون نے گرین لینڈ کے دورے کے دوران کہا ”مجھے امید ہے کہ آنے والے گھنٹوں میں سکون آئے گا اور ہم بات چیت کا آغاز کر سکیں گے تاکہ خطے میں جوہری صلاحیتوں کے اضافے اور کسی قسم کی کشیدگی سے بچا جاسکے۔“

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دن ایران کے صدر سے ان کی گفتگو ہوئی جس میں انہوں نے جلد از جلد مذاکرات کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی کی ہے، جو اس معاملے پر میکرون کے نقطہ نظر سے اتفاق کرتے ہیں۔

میکرون نے مزید کہا کہ جی سیون رہنماؤں کا اجلاس، جو کینیڈا میں اتوار سے منگل تک جاری ہے، اس مسئلے کو بھی زیر بحث لائے گا۔

یاد رہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان اپریل سے اب تک پانچ مذاکرات کے دور ہو چکے ہیں تاکہ 2015 کے نیوکلیئر معاہدے کی جگہ نیا معاہدہ کیا جا سکے، جسے ٹرمپ انتظامیہ نے اپنے پہلے دورِ حکومت میں ترک کر دیا تھا۔ چھٹا دور اتوار کو ہونا تھا، لیکن میزبان ملک عمان نے اسے منسوخ کر دیا۔

Similar Posts