کراچی میں کرولا کار گینگ سرگرم؛ ریڈ بس کے عملے سے لاکھوں کی نقدی، گارڈ سے اسلحہ چھین لیا

0 minutes, 0 seconds Read

کراچی میں کرولا کار گینگ سرگرم ہوگیا، گلشن حدید میں ریڈ بس کے عملے سے 11 لاکھ روپے، گارڈ سے اسلحہ، موبائل فون چھین کر فرارہوگئے، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج آج نیوز نے حاصل کرلی ہے، جبکہ ملزمان نے دیگر شہریوں سے بھی گن پوائنٹ پر ڈکیتی کی، سیکیورٹی گارڈ سے اسلحہ بھی چھین لیا۔

تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک میں کرولا گینگ کی پہلی واردات سامنے آگئی، گلشن حدید میں کرولا کار گینگ ریڈ بس اسٹاپ کے عملے سے 11 لاکھ روپے، گارڈ سے اسلحہ اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگیا۔

ملزمان نے اور شہریوں سے بھی لوٹ مار کی، اور گن پوائنٹ پر سیکیورٹی گارڈ سے اسلحہ بھی چھین کر لے گئے۔

بس ڈرائیور شیر جان نے آج نیوز سے گفتگو میں کہا کہ مطابق گلشن حدید میں الخدمت اسپتال کے قریب عملہ کھڑا تھا، اچانک پیپلز بس سروس کے کیشیئر کی گاڑی کے ساتھ آکر ایک اور گاڑی رکی۔

انہوں نے بتایا کہ گاڑی میں سے 4 ملزمان اترے، جبکہ 2 گاڑی میں بیٹھے رہے۔ چار ڈاکوؤں نے مجھ سمیت پیپلز بس سروس کے عملے کنڈیکٹر، منشی اور کیشئیر کو یرغمال بنایا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔

مسلح ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر 11 لاکھ روپے اور سیکیورٹی گارڈ کے اسلحہ سمیت موبائل فون بھی چھین لیا۔ جس کے بعد بس میں موجود مسافروں سے بھی لوٹ مار کی گئی۔ ملزمان کار سوار دیگر ساتھیوں کے بعد فرار ہوگئے۔

ایس ایس پی ملیر کاشف عباسی کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے پولیس کو آگاہ کردیا گیا، واقعہ کا مقدمہ درج کیا جائے گا، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
  

Similar Posts